تہران: (سٹی نیوز) ایران نے یوکرین کے مسافر طیارے حادثے کو انسانی غلطی قرار دے دیا۔ ایران نے اعتراف کیا ہے کہ یوکرین کا مسافر طیارہ غلطی سے حملے کا نشانہ بنا۔
ایرانی خبر ایجنسی کے مطابق حکام کا کہنا ہے کہ طیارے کو ملٹری کی جانب سے مار گرانا انسانی غلطی تھی، طیارہ حساس ملٹری اسٹرائیک کے پاس سے گزرتے ہوئے نشانہ بنا۔
ایرانی وزیر خارجہ جواد ظریف نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر ٹویٹ کرتے ہوئے کہا کہ مسلح افواج کی تحقیقات کے مطابق واقعہ انسانی غلطی اور طاقت کے زعم میں مبتلا امریکی مہم جوئی کے دوران پیش آیا، واقعے پر افسوس اور متاثرہ خاندانوں سے معذرت چاہتے ہیں۔
A sad day. Preliminary conclusions of internal investigation by Armed Forces:
Human error at time of crisis caused by US adventurism led to disaster
Our profound regrets, apologies and condolences to our people, to the families of all victims, and to other affected nations.
💔— Javad Zarif (@JZarif) January 11, 2020
ادھر یوکرین حکام کا کہنا ہے کہ ایران نے یوکرین کے ماہرین کو بلیک باکس تک رسائی دے دی ہے، یوکرین کے 50 ماہرین کو ایران بھیج دیا گیا ہے۔
امریکا، کینیڈا اور دیگر مغربی ممالک کی جانب سے الزام عائد کیا جا رہا تھا کہ طیارے کو ایران نے میزائل سے نشانہ بنایا تاہم ایران نے کئی مرتبہ طیارے کو نشانہ بنائے جانے کے بیانات کی تردید کی تھی۔
خیال رہے ایران کی جانب سے عراق میں امریکی فوجی اڈوں پر میزائل حملے ختم ہونے کے کچھ گھنٹے بعد یوکرین کا طیارہ ایران کے امام خمینی ائیرپورٹ کے قریب گر کر تباہ ہوگیا جس میں 176 افراد ہلاک ہوگئے تھے، مسافر طیارہ تہران سے یوکرین کے دارالحکومت کیف جا رہا تھا، طیارے میں 82 ایرانی اور 63 کینیڈین شہری سوار تھے۔