ہیوی کمرشل گاڑیوں کیلئے الیکٹرک وہیکل پالیسی بھی منظور

اسلام آباد: (سٹی نیوز) کابینہ کی اقتصادی رابطہ کمیٹی (ای سی سی) نے کامیاب جوان پروگرام کی کلیدی شرائط میں تبدیلی اور ٹو، تھری وہیلر اور ہیوی کمرشل گاڑیوں کیلئے الیکٹرک وہیکل پالیسی کی منظوری دے دی۔

میڈیا رپورٹ کے مطابق وفاقی حکومت کے صحت عامہ کے کارکنوں کو اپریل تا جولائی ایک تنخواہ کے مساوی رسک الائونس کی ادائیگی کیلئے 48 کروڑ روپے سمیت مختلف وزارتوں اور ڈویژنوں کیلئے متعدد تکنیکی گرانٹس کی منظوری دیدی گئی ہے۔ کامیاب جوان پروگرام کی کلیدی شرائط میں تبدیلی کی بھی منظوری دی گئی، اب اس پروگرام کے تحت 1 سے 10 لاکھ روپے کا قرضہ، 10 لاکھ سے 1 کروڑ روپے تک کا قرضہ اور 1 کروڑ سے اڑھائی کروڑ روپے تک کا قرضہ فراہم کیا جاسکے گا، ٹو، تھری وہیلر اور ہیوی کمرشل گاڑیوں کیلئے الیکٹرک وہیکل پالیسی کی منظوری بھی دیدی گئی۔

ای سی سی کا اجلاس بدھ کو مشیر خزانہ ڈاکٹر عبدالحفیظ شیخ کی صدارت میں ہوا۔ وفاقی حکومت کے صحت عامہ کے کارکنوں کو رسک الائونس وزیراعظم کے اقتصادی ریلیف پیکیج میں مختص 50 ارب روپے سے تکنیکی ضمنی گرانٹ کے تحت فراہم کیا جائیگا، یہ رقم وفاقی حکومت کے طب سے متعلق 10 اداروں کے 3432 ملازمین کو اداکی جائیگی، الائونس کو جاری رکھنے کا فیصلہ 4 ماہ بعد جائزہ لے کر کیا جائیگا۔

اجلاس میں کورونا کی صورتحال کے تناظر میں چھوٹے اور درمیانے درجے کے کاروبار کو ریلیف دینے کا جائزہ لیا گیا اور اس ضمن میں کامیاب جوان پروگرام کی کلیدی شرائط میں تبدیلی کی منظوری دی گئی، کامیاب جوان پروگرام کو دوٹیئرز (ایک لاکھ سے 5لاکھ اور5 لاکھ سے 50 لاکھ روپے )سے بڑھا کر3 ٹیئرز میں کردیا گیا، اب اس پروگرام کے تحت1 سے 10 لاکھ،10 لاکھ سے 1 کروڑ اور1 کروڑ سے ڈھائی کروڑ روپے تک کا قرضہ فراہم کیا جائیگا۔
ٹیئرون کے تحت قرضہ ذاتی ضمانت پر جبکہ ٹیئرٹو اورتھری کے تحت قرضہ بینکوں کی کریڈٹ پالیسی کے تحت جاری کیا جائیگا۔ حکومت قرضہ میں نقصان کی صورت میں ٹیئرون کیلئے اصل زر پر 50 فیصد، ٹیئرٹوکیلئے اصل زر پر20 فیصد اور ٹیئر تھری کیلئے اصل زرپر10 فیصد نقصان برداشت کرے گی۔

تمام کمرشل بینک عملدرآمد کرنے والی ایجنسیوں کا کردار ادا کریں گے، اسی طرح تینوں ٹیئرز کیلئے قرضوں کی پرائسنگ میں بھی تبدیلی لائی گئی ہے جو بالترتیب 3 فیصد، 4 فیصد اور 5 فیصد ہوگی۔ آمدہ سیزن میں یوریا کھاد کی دستیابی یقینی بنانے کی خاطر سفارشات کی تیاری کیلئے وفاقی وزیر صنعت وپیداوار حماد اظہر کی سربراہی میں کمیٹی قائم کردی گئی، کمیٹی وزارت فوڈ سکیورٹی، وزارت پٹرولیم اوروزارت خزانہ کے نمائندے شامل ہوں گے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں