جے آئی ٹی رپورٹ کے اثرات سامنے آنے لگے ،کاروبار کے آغاز میں پاکستان سٹاک ایکسچینج مارکیٹ شدید مندی کا شکار ہو گئی

اسلام آباد (سٹی نیوز ) جے آئی ٹی رپورٹ کے اثرات سامنے آنے لگے ،کاروبار کے آغاز میں پاکستان سٹاک ایکسچینج مارکیٹ شدید مندی کا شکار ہو گئی۔
جے آئی ٹی کی حتمی رپورٹ سپریم کورٹ میں پیش ہونے کے اگلے ہی روز سٹاک مارکیٹ مندی کا شکار ہو گئی ، کاروبار کے آغاز میں ہی صرف 4منٹ کے دوران 100انڈیکس میں 1550پوائنٹس کی کمی واقع ہوئی ہے جس کے بعد 100انڈیکس 45ہزار پوائنٹس کی نفسیاتی سطح کھو گیا ہے
پاکستان اسٹاک ایکسچینج کے آج صبح 10 بجے جاری کردہ اعداد و شمار کے مطابق پی ایس ایکس انڈیکس 44721.89 پر تھا جس میں تبدیلی منفی 1551.92 یعنی منفی 3.35 فیصد ریکارڈ کی گئی۔پہلے ایک گھنٹے کے دوران پی ایس ایکس انڈیکس زیادہ سے زیادہ 46273.81 اور کم سے کم 44714.72 پر رہا۔
پاکستان سٹاک ایکسچینج میں پہلے ایک گھنٹے کے دوران 24 کمپنیوں کے حصص کا کاروبار ہوا جن میں سے بیشتر کی ٹریڈنگ کم قیمت پر ہوئی۔ پی ایس ایکس پہلے ہی ڈالر کی قیمت میں کمی کے معاملے پر مندی کا شکار ہے جبکہ اس کیفیت کو گزشتہ روز جے آئی ٹی رپورٹ نے مزید سنگین بنادیا ہے جس کے نتیجے میں اکثر سرمایہ کار پریشانی کا شکار ہوگئے ہیں۔
سٹاک مارکیٹ میں آج صبح 10 بجے تک حصص کے کاروبار کا حجم 19,822,990 رہا جس کی مجموعی مالیت 1 ارب 60 کروڑ 86 لاکھ 20 ہزار 191 روپے تھی۔
یاد رہے گزشتہ روز سپریم کورٹ میں پیش کردہ جے آئی ٹی رپورٹ میں وزیر اعظم نوازشریف ، حسین اور حسن نواز جبکہ مریم نواز کے بیانات اور پیش کردہ شواہد کے حوالے سے عدم اطمینان کا اظہار کیا گیا ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں