این اے 120 میں ضمنی الیکشن میں نوازشریف کی طرف سے کاغذات نامزدگی جمع کرائے گئے تو ہنگامہ برپا ہوگیا

قصور (سٹی نیوز ) این اے 120 میں ضمنی الیکشن میں نوازشریف کی طرف سے کاغذات نامزدگی جمع کرائے گئے تو ہنگامہ برپا ہوگیا کیونکہ یہ نشست سابق وزیراعظم نوازشریف کی نااہلی کی وجہ سے ہی خالی ہوئی تھی ، دراصل کاغذات نامزدگی قصور کے نوازشریف نے جمع کرائے ہیں، قصور کے رہائشی چوکیدار محمد شریف نے اپنے بیٹوں کے ’’نام نوازشریف‘‘ اور’’ شہبازشریف ‘‘رکھ دیے اورشریف برادران مقامی فیکٹری میں ملازمت کرتے ہیں۔
قصور کے نواحی گاؤں کے چوکیدار محمد شریف نے شریف برادران سے محبت میں اپنے دونوں بیٹوں کے نام بھی نوازشریف اور شہبازشریف رکھ دیے جو کبھی کبھار انکے لیے مشکل اور پریشانی کا باعث بھی بن جاتے ہیں مگر حقیقت یہ ہے کہ شریف فیملی مسلم لیگ نواز کے قائدین کی بہت بڑی فین ہے
چوکیدار’’ محمد شریف ‘‘نے اپنے بیان میں کہا کہ ’’مجھے نوازشریف اتنے پیارے لگتے ہیں کہ میں نے سوچا اگر اللہ تعالی مجھے بیٹا دے تو میں بھی اس کا نام نوازشریف رکھوں اور ایسا ہی ہوا ‘‘۔
محمد شریف کے بڑے بیٹے نوازشریف نے کہا کہ اس نے شناختی کارڈ بنوانے کیلئے جب نادرا حکام کو اپنا اور اپنے والد کا نام بتایا تو انہوں نے کہا کہ آپ ہمارے ساتھ کیا مذاق کر رہے ہیں؟نوازشریف تو ہمارے ملک کے وزیر اعظم ہیں۔ تاہم انہوں نے اپنی پوری تسلی کی اور پھر میرا آئی ڈی کارڈ بنایا۔
نوازشریف کے چھوٹے بھائی شہبازشریف کا کہنا تھا کہ ’’میرے دوست اکثر مجھے کہتے ہیں کہ تمہارا نام وزیر اعلیٰ شہبازشریف جیسا ہے مگر روٹی کا ڈبہ لیکر تم فیکٹری میں کام کرنے جاتے ہو تو میں انہیں کہتا ہوں کہ کوئی بات نہیں میں محنت کرتا ہوں اور محنت کر کے ایک روز بڑا انسان بنوں گا ‘‘۔اس سب کے باوجود شریف برادران کہتے ہیں کہ انہیں اپنے نام کی تصدیق کیلئے اکثر شناختی کارڈ دکھانا پڑتے ہیں تاہم انکے والد کی خواہش ہے کہ انکے بیٹے عوام کی خدمت کر کے کامیاب انسان بن جائیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں