پیپلزپارٹی کے سینئر رہنما تاج حیدر کے گھر پھر ڈاکو آگئے

کراچی: پیپلزپارٹی کے سینئر رہنما تاج حیدر کے گھر ایک بار پھر لٹیرے پہنچ گئے اور گھر کا سارا سامان بکھیر کر جاتے ہوئے محض دو سرکاری پاسپورٹ ہی لے اڑے۔
منگل کی دوپہر ڈیفنس فیز فور میں پیپلزپارٹی کے سینئر رہنما تاج حیدر کے گھر نامعلوم افراد داخل ہوئے اور گھر کا سارا سامان بکھیر دیا ، ملزمان نے گھر سے قیمتی اشیا لوٹنے کی کوشش کی لیکن اس دوران تاج حیدر اور ان کی اہلیہ کے سرکاری پاسپورٹ ہی ان کے ہاتھ لگ سکے اور وہ انھیں لے اڑے ، واقعے کے وقت تاج حیدر اپنے گھر پر موجود نہیں تھے۔
واقعے کی اطلاع ملتے ہی پولیس کی بھاری نفری موقع پر پہنچ گئی اور شواہد اکٹھے کیے ، تاج حیدر جب کراچی واپس پہنچے تو انھوں نے پولیس حکام کو بتایا کہ وقوعہ کے وقت وہ اپنے آبائی علاقے تھرپارکر گئے ہوئے تھے، واپس آئے تو گھر کا تالا ٹوٹا ہوا اور گھر کے اندر الماریوں کا سارا سامان بکھرا ہوا پایا۔
گذری پولیس نے ان کی مدعیت میں مقدمہ نامعلوم ملزمان کے خلاف درج کرلیا ،ملزمان ان کے گھر سے ان کا اور ان کی اہلیہ کا سرکاری پاسپورٹ لے گئے ہیں ، انھوں نے مزید بتایا کہ ایک ماہ قبل بھی ان کے گھر اسی قسم کی واردات ہوئی تھی ۔

اپنا تبصرہ بھیجیں