بھارت وحشی ہوگیا، اُڑی سیکٹر میں 5 نہتے کشمیری نوجوانوں کو شہید کردیا

سرینگر (ویب ڈیسک) بھارتی دہشتگرد فوج نے ظلم و بربریت کی ایک اور داستان رقم کردی، مقبوضہ جموں و کشمیر کے اُڑی سیکٹر میں 5 نہتے کشمیری نوجوانوں کو گولیوں سے چھلنی کرکے شہید کردیا۔
تفصیلات کے مطابق پیر کے روز علی الصبح بھارتی دہشتگرد فوج، سنٹرل آرمڈ پولیس فورس اور ریاستی پولیس نے مقبوضہ جموں و کشمیر کو لہو لہو کردیا۔ دہشتگرد سکیورٹی فورسز نے اُڑی سیکٹر کے علاقے دولنجا میں کارروائی کرکے پانچ بے گناہ کشمیری نوجوانوں کو شہید کردیا۔ بھارتی قابض فورسز نے پورے علاقے کو چھاﺅنی میں تبدیل کرکے گھر گھر تلاشی کے دوران نہتے نوجوانوں کو سر عام گولیاں مار کر قتل کیا۔
جمعہ کے روز بھارتی آرمی چیف جنرل بپن راوت نے گیدڑ بھبھکی ماری تھی کہ بھارت پاکستان اور چین سے بیک وقت نمٹے گا ، انہوں نے ایٹمی جنگ کا اعلان بھی کیا تھا۔ ہفتہ کو ڈی جی آئی ایس پی آر ، وزیر خارجہ خواجہ آصف اور دفتر خارجہ کی طرف سے انتہائی شائستہ انداز میں اس دھمکی کا جواب دیا گیاتھا۔ پاکستان کے رد عمل کے بعد کشمیر میں اس طرح کی بے رحمانہ کارروائی کہیں پاکستان کیلئے کوئی پیغام تو نہیں؟۔
8 جولائی 2016 سے بھارتی دہشتگرد افواج نے مقبوضہ کشمیر میں ظلم و بربریت کی داستان رقم کرنے کا نیا سلسلہ شروع کر رکھا ہے ، اب تک سینکڑوں کشمیری نوجوان بھارت کی ریاستی دہشتگردی کی بھینٹ چڑھ چکے ہیں جبکہ ہزاروں لوگ پیلٹ گن کا نشانہ بن کر اپنی بینائی سے محروم ہوئے ہیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں