پاکستان کو ٹڈی دل پر قابو کیلئے 37 کروڑ 20 لاکھ ڈالر درکار ہیں: اقوام متحدہ

نیویارک: ( سٹی نیوز) اقوام متحدہ نے کہا ہے کہ پاکستان کو ٹڈی دل کے نقصانات کا تخمینہ لگانے اور اس پر قابو پانے کے لئے آئندہ تین برسوں میں اضافی امداد کے علاوہ سینتیس کروڑ بیس لاکھ ڈالر درکار ہیں۔

اقوام متحدہ کے نائب ترجمان فرحان عزیز حق نے اپنی معمول کی بریفنگ کے دوران ایک سوال کے جواب میں کہا کہ ٹڈی دل کے حملے سے پاکستان بری طرح متاثر ہوا ہے اور موسم گرما کے اختتام تک مزید نقصان ہونے کا اندیشہ ہے۔

انہوں نے کہا کہ اقوام متحدہ کا خوراک اور زراعت کا ادارہ حکومت پاکستان کو ٹڈی دل سے نمٹنے کے لئے رہنمائی اور تکنیکی معاونت فراہم کر رہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ خوراک وزراعت کا ادارہ اور خوراک کا عالمی پروگرام اقوام متحدہ کے شراکت داروں کے ساتھ مل کر اور حکومت پاکستان کے اشتراک سے ٹڈی دل سے بری طرح متاثر ہونے والے اضلاع کی ضروریات کا تخمینہ لگائے گا۔

ترجمان نے کہا کہ ان اضلاع کو گزشتہ اٹھارہ ماہ سے خشک سالی، سیلابی ریلوں، شدید سردی اور کورونا وائرس سمیت دوسرے مسائل کا سامنا بھی ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں