دوسرے ممالک کی طرح امریکی شہر شکاگو میں بھی پاکستان ڈے انتہائی دھوم دھام سے منایا گیا

شکاگو(سٹی نیوز) دوسرے ممالک کی طرح امریکی شہر شکاگو میں بھی پاکستان ڈے انتہائی دھوم دھام سے منایا گیا،پرچم کشائی کی تقریب میں پاکستانی کاقومی ترانہ بھی پڑھا گیا۔شکاگو میں پاکستانی کونسل جنرل فیصل نیاز ترمذی ، گلین ڈیل ہائیٹ کی صدر لینڈا جیکسن اور پاکستانی امریکنوں کی کثیر تعداد نے اس پروگرام میں شرکت کی جبکہ اس موقع پر میر فاؤنڈیشن کے زیر اہتمام بڑوں اور بچوں کو پاکستانی جھنڈے مفت دئیے گئے۔ میر فاؤنڈیشن کی چئیرپرسن تسنیم جمال نے بتایا کہ امریکہ میں مقیم پاکستانی اپنے دیس کو بہت زیادہ یاد کرتے ہیں اور اس طرح کی تقریبات کی اس بات کی عکاس ہیں کہ امریکہ میں رہنے کے باوجود ہمارا دل پاکستان میں ہوتا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ مفت پرچموں کی تقسیم کا مقصد یہاں پیدا ہونے والے پاکستانی بچوں کو اپنے ملک سے روشناس کروانا ہے اور وطن سے دور ہونے کے باوجود ان کے دلوں میں پاکستانی کی محبت کو قائم کرنا ہے۔ ’’جو بچے یہاں پیدا ہوتے ہیں وہ امریکی کلچر میں رچ بس جاتے ہیں لیکن اگر ہم انہیں پاکستان کے بارے میں بتاتے رہیں تو اپنے ملک سے ان کا تعلق جڑا رہتا ہے۔‘‘انہوں نے بتایا کہ میر فاؤنڈیشن پاکستان میں غریب افراد کے لئے کام کرتی ہے اور ہر سال کثیر تعداد میں لوگوں کو ادویات اور علاج معالجے کی سہولیات مفت مہیا فراہم کرتی ہے۔
اس موقع پر تسنیم جمال نے کونسل جنرل فیصل نیاز ترمذی کا شکریہ ادا کیا اور شکاگو میں مقیم پاکستانیوں کے لئے ان کی خدمات کو سراہا۔فیصل ترمذی نے میر فاؤنڈیشن کی جانب سے مفت جھنڈو ں کی تقسیم کو سراہتے ہوئے کہا کہ پاکستانی دنیا کے کسی بھی کونے میں چلے جائیں ان کے دلوں میں پاکستان ہر وقت موجود رہتا ہے۔ان کا کہنا تھا کہ پاکستان کی معیشت تیزی سے ترقی کررہی ہے اور آنے والے دنوں میں پاکستان علاقے میں ایک مضبوط ملک کے طور پر ابھرے گا۔انہوں نے کہا کہ پاکستانی عوام اور حکومت نے بہادری کے ساتھ دہشتگردی کا مقابلہ کیا ہے اور اس ناسور کو ملک سے نکلا دیا ہے اور مستقبل قریب میں پاکستان ایک پر امن ملک ہوگا۔
گلین ڈیل ہائیٹ کی صدر لینڈا جیکسن نے پاکستان کے یوم آزادی پر اپنی نیک تمناؤں کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ امریکہ میں مقیم پاکستانی معاشرے کا قیمتی اثاثہ ہیں اور انہوں نے امریکہ کو کامیاب بنانے کے لئے اپنا حصہ ڈالا ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں