عمران نذیر کو منتخب کرنا ممکن ہی نہیں تھا کیونکہ وہ فرسٹ کلاس کرکٹ کھیل رہے ہیں اور نہ ہی کوئی ٹی 20 میچ،وسیم اکرم

لاہور (نیوز ڈیسک) پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کے تیسرے ایڈیشن کیلئے چھٹی ٹیم ملتان سلطانز کا اعلان ہوا تو کرکٹ شائقین کی خوشی کا ٹھکانہ ہی نہ رہا لیکن جب یہ خبریں سامنے آئیں کہ دھواں دار بلے بازی سے شہرت پانے والے عمران نذیر بھی اس ٹیم میں ہوں گے تو شائقین خوشی سے پاگل ہو گئے۔

12 نومبر کو شائقین کرکٹ کی تمام خوشیاں دھری کی دھری رہ گئیں جب انہیں یہ پتہ چلا کہ ملتان سلطانز کے سکواڈ میں عمران نذیر شامل نہیں ہیں حالانکہ عمران نذیر نے خود یہ اعلان کیا تھا کہ وہ پی ایس ایل کے تیسرے ایڈیشن میں ملتان سلطانز کی نمائندگی کرتے نظر آئیں گے۔

شائقین کرکٹ کے غم و غصے کو دیکھتے ہوئے ملتان سلطانز کے ڈائریکٹر فار کرکٹ وسیم اکرم بالآخر میدان میں آ گئے ہیں اور عمران نذیر کو منتخب نہ کرنے کی ایسی وجہ بتا دی ہے کہ جان کر آپ کو بے حد افسوس ہو گا اور آپ بے اختیار یہ کہیں گے کہ ایک موقع تو ملنا چاہئے تھا۔
ذرائع کے مطابق وسیم اکرم نے کہا ہے کہ ان کیلئے عمران نذیر کو منتخب کرنا ممکن ہی نہیں تھا کیونکہ وہ فرسٹ کلاس کرکٹ کھیل رہے ہیں اور نہ ہی کوئی ٹی 20 میچ کھیل رہے ہیں۔

کرکٹ ماہرین کے مطابق وسیم اکرم کی جانب سے بتائی جانے والی وجہ کافی حد تک درست ہے مگر ماضی کے سٹار کھلاڑی کو ایک موقع ضرور ملنا چاہئے تھا اور ابھی تو پی ایس ایل شروع ہونے میں تین سے چار مہینے باقی ہیں، اس سارے عرصے میں انہیں اچھی طرح تیار کیا جا سکتا تھا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں