چینی جوڑے نے خیبرپختونخوا میں اپنی شادی کی تقریب منعقد کی اور یہ ہر لحاظ سے ایک روایتی پاکستانی شادی تھی

پشاور(نیوز ڈیسک) پاکستان اور چین کی دوستی یوں تو ہمیشہ سے ایک مثال رہی ہے لیکن پاک چین اقتصادی راہداری کا منصوبہ شروع ہونے کے بعد چینیوں کی پاکستان آمد، یہاں کے لوگوں سے گھلنے ملنے اور پاکستانی ثقافت کے رنگوں میں خود کو رنگنے کا سلسلہ بھی شروع ہو گیا ہے۔ حال ہی میں ایک چینی جوڑے نے خیبرپختونخوا میں اپنی شادی کی تقریب منعقد کی اور یہ ہر لحاظ سے ایک روایتی پاکستانی شادی تھی، جس کی خوبصورت تصاویر نے پاکستانیوں کے دلوں کو چھو لیا ہے۔

دلہن لین اور دولہا سائن پاک چین اقتصادی راہداری کے منصوبے پر کام کرتے ہیں۔ وہ گزشتہ چھ ماہ سے کوزا باندا کے علاقے میں فرائض انجام دے رہے ہیں۔ ان کی شادی کی تقریب میں پاکستانی شادیوں کا ہر رنگ دیکھنے کو ملا۔ دولہا روایتی پاکستانی دولہوں کی طرح بارات لے کر آیا جبکہ دلہن سرخ رنگ کے دلکش عروسی لباس میں ملبوس تھی۔ اسے کے ہاتھوں پر بہت پیارے انداز میں مہندی بھی لگائی گئی تھی۔ دولہے نے اس موقع پر سفید رنگ کی شلوار قمیض پہنی اور سر پر روایتی پختون دستار بھی باندھی۔

یہ چینی جوڑا روایتی پاکستانی عروسی ملبوسات میں ایسا پیارا لگ رہا تھا کہ کوئی بھی ان کی تعریف کئے بغیر نہیں رہ سکا۔سوشل میڈیا پر تو اس شادی کی تصاویر نے دھوم مچارکھی ہے۔ پاکستانی سوشل میڈیا صارفین جہاں اس چینی جوڑے کے لئے اپنی دلی پسندیدگی کا اظہار کر رہے ہیں تو وہیں ان کے اچھے مستقبل کے لئے نیک تمناؤں کا اظہار بھی کر رہے ہیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں