”خبردار! اگر سنی لیون یہاں آئی تو۔۔۔“ بنگلور پولیس نے سنی لیون کو بڑا جھٹکا دیدیا

نئی دہلی (ویب ڈیسک) بنگلور پولیس نے نیوائیرنائٹ کے موقع پر میوزیکل شو کی اجازت دینے سے انکار کر دیا ہے جس میں بھارت کی معروف اداکارہ سنی لیون نے اپنے حسن کے جلوے بکھیرنا تھے۔ بنگلور پولیس کمشنر سنیل کمار کا کہنا ہے کہ ایسا امن و امان کی صورتحال کو برقرار رکھنے اور کسی بھی ناگہانی حادثے سے بچنے کیلئے کیا گیا ہے۔

سنیل کمار نے مقامی رپورٹرز سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ”ہم 31 دسمبر کو منیاتا ٹیک پارک میں شیڈول سنی لیون اور کے میوزک شو کی اجازت نہیں دے رہے تاکہ امن و امان کو برقرار رکھا جا سکے اور کسی بھی ناگہانی صورتحال سے بچا جا سکے۔“
اگرچہ اس شو کی انتظامیہ ’ٹائم کری ایشن‘ نے ابھی اجازت طلب کرنے کیلئے پولیس سے رابطہ نہیں کیا تاہم پولیس چیف نے پہلے ہی اپنا فیصلہ سنا دیا ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ اس میوزیکل شو کیلئے سیکیورٹی مہیا کرنا ممکن نہیں ہو گا کیونکہ شہر کی تمام پولیس فورس اس نیوائیر نائٹ کے موقع پر مختلف علاقوں میں تعینات ہو گی۔
کمشنر سنیل کمار نے کہا کہ ”کرناٹکا ہائیکورٹ کی جانب سے نیوائیرنائٹ کے جشن پر امن و امان کو یقینی بنانے اور کسی بھی طرح کے ممکنہ حادثے کو روکنے سے متعلق حکم کے تناظر میں ہمارے لئے یہ ممکن نہیں ہو گا کہ تمام پولیس اہلکاروں کو ایک ہی جگہ پر تعینات کر دیا جائے اور دیگر علاقوں میں سیکیورٹی فراہم نہ کریں۔“
مقامی وکیل ’آر ۔موہن‘ نے ہائیکورٹ میں درخواست دائر کی تھی کہ 31 دسمبر کو شہر میں شراب کی فروخت پر پابندی عائد کی جائے تاکہ شراب پی کر ڈرائیونگ کے دوران ہونے والے حادثات اور شور مچانے والے افراد سے بچا جا سکے۔

سنیل کمار کے مطابق ”جیسا کہ بالی ووڈ سٹار سنی لیون بہت معروف ہیں اور ان کے کروڑوں مداح ہیں، حال ہی میں کیرالا کے علاقے کوچی میں ان کے دورہ کے موقع پر نظر آنے والے مناظر کو مدنظر رکھتے ہوئے ہم نے فیصلہ کیا کہ انہیں بنگلور شہر میں پرفارم کرنے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔“
انہوں نے اس بات پر بھی حیرت کا اظہار کیا کہ اس شو کی انتظامیہ نے ان سے اجازت تو طلب نہیں لیکن اس کے باوجود ٹکٹیں فروخت کرنے کا سلسلہ جاری ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں