کراچی کنگز کے اہم کھلاڑی شاہد خان آفریدی کی ایم آر آئی رپورٹ منظرعام پر آ گئی ہے جس نے مداحوں کو پریشان کر دیا

دبئی (نیوز ڈیسک) پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) فرنچائز کراچی کنگز کے اہم کھلاڑی شاہد خان آفریدی کی ایم آر آئی رپورٹ منظرعام پر آ گئی ہے جس نے مداحوں کو پریشان کر دیا ہے۔

اس رپورٹ کے مطابق شاہد خان آفریدی پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کے پلے آف مرحلے کے میچ نہیں کھیل پائیں گے کیونکہ ڈاکٹر نے انہیں آرام کرنے کا مشورہ دیا ہے۔
شاہد آفریدی کے گھٹنے میں درد کے باعث ان کی ایم آر آئی کی گئی اور یہ وہی درد ہے جس کے باعث وہ اس سے قبل بھی پی ایس ایل کے کچھ میچ نہیں کھیل پائے تھے۔

کراچی کنگز نے آج اسلام آباد یونائیٹڈ کے خلاف اہم میچ کھیلنا ہے کیونکہ جیتنے والی ٹیم براہ راست فائنل کیلئے کوالیفائی کر جائے گی جبکہ ہارنے والی ٹیم کو لاہور میں پلے آف میچ کھیلنا ہو گا۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ کراچی کنگز ٹیم انتظامیہ کی جانب سے تاحال کوئی فیصلہ نہیں کیا گیا جبکہ شاہد خان آفریدی خود بھی یہ میچ کھیلنا چاہتے ہیں مگر گھٹنے کا درد ان کے آڑے آ رہا ہے اور ڈاکٹروں کی ہدایت نے پریشانی میں مزید اضافہ کر دیا ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں