پی ایس ایل میں شامل کوئی کھلاڑی کورونا سے متاثر نہیں ہوا: پی سی بی کی تصدیق

لاہور: (سٹی نیوز) پی سی بی نے پی ایس ایل میں شریک تمام 128 کھلاڑیوں کے کورونا وائرس کے ٹیسٹ منفی آنے کی تصدیق کر دی۔

پاکستان کرکٹ بورڈ نے ایچ بی ایل پی ایس ایل 2020 میں شریک 128 کھلاڑیوں، سپورٹ سٹاف اراکین، میچ آفیشلز، براڈکاسٹرز اور ٹیم مالکان کے کورونا وائرس کے ٹیسٹ کروائے۔ پی سی بی نے تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ ان تمام افراد کے ٹیسٹ منفی آئے ہیں۔ علاوہ ازیں ملتان سلطانز کی جانب سے 16 مارچ کو کروائے گئے کورونا وائرس کے تمام 17 ٹیسٹ کے نتائج بھی منفی آئے ہیں۔

چیف ایگزیکٹو پی سی بی وسیم خان کا کہنا ہے کہ پاکستان کرکٹ بورڈ اور پاکستان سپر لیگ کی ساکھ کے لیے ضروری تھا کہ ایونٹ کے اختتامی مرحلے تک شرکت کرنے والے کھلاڑیوں، سپورٹ سٹاف اراکین، میچ آفیشلز، براڈکاسٹرز اور ٹیم مالکان کے ٹیسٹ منفی آتے، تمام کھلاڑی، میچ آفیشلز محفوظ اور تندرست ہیں، وہ بغیر کسی خدشہ کے ایک بار پھر اپنے اہلخانہ کا حصہ بن گئے ہیں۔

وسیم خان نے کہا کہ پی سی بی اپنے ملازمین کے مکمل تحفظ کے لیے احتیاطی تدابیر پر عمل کرتا رہے گا۔ انہوں نے کہا کہ وہ تمام مداحوں سے درخواست کرتے ہیں کہ وہ احتیاط برتیں اور معاشرے کے دیگر افراد کی بہبود کا بھی خیال رکھیں، ہم حفظا کے اصولوں پر عمل کر کے اس وباء سے نجات حاصل کرسکتے ہیں۔

چیف ایگزیکٹو پی سی بی نے کہا کہ ہمیں مصافحہ کرنے یا گلے ملنے سے پرہیز کرنا ہوگا، اجتماعات سے دور رہیں اور کھانسنے یا چھینکنے والے افراد کے ساتھ قریبی رابطے سے گریز کریں۔ انہوں نے مداحوں سے درخواست کی ہے کہ وہ وباء سے نجات کے لیے دوسروں کو حفاظتی تدابیر اختیار کرنے کے لیے بھی آگاہی فراہم کریں۔

وسیم خان نے مزید کہا پی سی بی دعاگو ہے کہ حالات جلد معمول پر آئیں اور خواہش ہے کہ ہم جلد میدانوں میں صحت مندانہ سرگرمیوں کا انعقاد دیکھ سکیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں