ہم نے کرونا کی وباء سے قومی عزم کے ساتھ لڑنا ہے: فردوس عاشق

اسلام آباد: (سٹی نیوز) فردوس عاشق اعوان نے کہا ہے کہ ہم نے کرونا کی وباء سے قومی عزم کے ساتھ لڑنا ہے، حوصلے اور دانشمندی کے ساتھ احتیاطی تدابیر پر عمل پیرا رہنا ہے۔

وزیراعظم کی معاون خصوصی برائے اطلاعات و نشریات ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے اپنے ٹویٹ میں کہا کہ سلام پیش کرتے ہیں ان ڈاکٹروں، نرسوں اور طبی عملے کو جو اس جذبے کے ساتھ خدمت کی عظیم مثال بن رہے ہیں، حکومت اپنی ذمہ داریوں سے بخوبی آگاہ ہے۔ انہوں نے کہا وفاقی و صوبائی حکومتیں اور تمام متعلقہ ادارے عوام کے تحفظ و سلامتی کیلئے پوری تندہی سے کام کر رہے ہیں، ہر فرد کی ذمہ داری ہے کہ احتیاطی تدابیر پر نہ صرف خود عمل کرے بلکہ اپنے ارد گرد کے لوگوں کی صحت کا بھی خیال رکھے۔

فردوس عاشق اعوان کا کہنا تھا ہمیں قومی جذبے، اتحاد و اخوت کے ساتھ ایک دوسرے کا احساس اور خیال رکھنا ہے، پرہجوم جگہوں پہ نہ جائیں، ہاتھ ملانے سے گریز کریں اور بار بار دھوئیں، چین کے عوام نے جس مثالی ڈسپلن اور یکسوئی سے اس وبا کا مقابلہ کیا اس سے سبق ملتا ہے کہ اجتماعی سطح پہ کاوشیں کرنے سے اس وائرس سے چھٹکارا پایا جا سکتا ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں