ملکی صرافہ مارکیٹ میں فی تولہ سونے کی قیمت ایک لاکھ روپے سے بڑھ گئی

کراچی: ( سٹی نیوز) عالمی منڈی میں سونے کے بڑھتے نرخ کی وجہ سے ملکی صرافہ مارکیٹ میں فی تولہ سونے کی قیمت ایک لاکھ 700 روپے ہو گئی ہے۔

سندھ صرافہ جیولرز ایسوسی ایشن کی جانب سے جاری اعدادوشمار کے مطابق ایک سونے کی قیمت میں 1400 روپے اضافہ دیکھا گیا جس کے بعد فی تولہ سونا ایک لاکھ سات سو روپے کا ہو گیا۔

ادھر روپے کی قدر میں کمی مسلسل جاری ہے۔ انٹر بینک مارکیٹ میں ڈالر 28 پیسے مہنگا ہو گیا۔ رواں ہفتے ڈالر 2 روپے 40 پیسے مہنگا ہو چکا ہے۔

غیر ملکی ادائیگیوں کے باعث انٹر بینک مارکیٹ میں روپے کی قدر میں کمی جاری ہے۔ ماہرین کاکہنا ہے کہ حکومت کو غیر ملکی قرضوں کی ادائیگیوں کی مد میں 260 ارب روپے ادا کرنے ہیں۔

یہی وجہ ہے کہ انٹر بینک مارکیٹ میں ڈالر ٹریڈنگ کے دوران 167 روپے 15پیسے پر پہنچ گیا تھا۔ تاہم ٹریڈنگ کے اختتام پر ڈالر 28 پیسے مہنگا ہو کر 166 روپے 63 پیسے پر بند ہوا۔ ایک ہفتے میں ڈالر 2 روپے 40 پیسے مہنگا ہو چکا ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں