پاکستانی چیمپنز ٹیم کے سٹار آل راونڈر شعیب ملک نے اس سال 14اگست یوم آزادی کا جشن یادگاری طور پر منانے کیلئے سماجی رابطے کی ویب سائیٹ ٹویٹر پر ایک دلچسپ مہم کا آغاز کر نے کا اعلان کیا

لاہور (سٹی نیوز) پاکستانی چیمپنز ٹیم کے سٹار آل راونڈر شعیب ملک نے اس سال 14اگست یوم آزادی کا جشن یادگاری طور پر منانے کیلئے سماجی رابطے کی ویب سائیٹ ٹویٹر پر ایک دلچسپ مہم کا آغاز کر نے کا اعلان کیاہے اور ساتھ ہی پاکستانیوں سے اس مہم میں بھرپور حصہ لینے کی اپیل کی ہے تاکہ ورلڈ ریکارڈ بنایا جاسکے۔
تفصیلات کے مطابق کچھ دن بعد ہم پاکستان کی70ویں سالگرہ منانے والے ہیں۔ یہ سال پاکستان کیلئے کھیلوں کے میدان میں بہت اہم رہا۔ جیسے کہ پاکستان سپر لیگ کا فائنل ہما رے ملک میں ہوا، ہم نے انٹر نیشنل کھلاڑیوں کی فٹبال کے میدان میں میزبانی کی۔ ریسلنگ میں بھی انٹرنیشنل کھلاڑیوں نے بھر پور حصہ لیا اور پاکستان کو پرامن ملک قرار دیا۔ ہم نے پاکستان کے روایتی حریف بھارت کو عبرتناک شکست سے دو چار کر کے چیپمینز ٹرافی اپنے نام کی۔ امید ہے یہ سب ہمارے پرامن اور شاندار مستقبل کی ضمانت بنے گا۔
کرکٹ کے میدانوں میں ریکارڈ بنانے والے شعیب ملک نے اس بار ورلڈ ریکارڈ بنانے کیلئے سوشل میڈیا کا انتخاب کیا ہے۔پاکستان کی آنے والی سالگرہ کا جشن منانے کے لیے PakistanZindabad کے نام سے مہم کا آغاز کیا ہے۔
اس مہم کے بارے میں بات کرتے ہوئے شعیب ملک نے پاکستانیوں سے کہا ہے کہ’’ آو ہم دنیا کو اس پاکستان کی سیر کرواتے ہیں جسے ہم پیار کرتے ہیں، لطف اندوز ہوتے ہیں اور جس پر فخر کرتے ہیں۔ ہم پاکستان کے سفیر ہیں ، پوری دنیا کے لیے اور جہا ں تک ہماری آواز پہنچ سکتی ہے ہم پاکستان کا خوبصورت چہرہ دکھائیں گے۔‘‘
شعیب ملک نے مہم میں حصہ لینے کے بارے میں بتایا کہ کسی بھی پاکستانی کو 40روز تک ہر دن پاکستان کے بارے میں ایک ٹویٹ کرنا ہے تاکہ ورلڈ ریکارڈ بنایا جا سکے کیونکہ اس سے قبل سب سے زیادہ دن چلنے والے ہیش ٹیگ کا ورلڈ ریکارڈ 39روز تک کا ہے۔جس میں پاکستان کی خوبصورتی کے حوالے سے ذکر ہو ،وہ ایک تصویر بھی ہو سکتی ہے، ایک قول ، ایک پرمسرت لمحہ، تاریخ کے بارے میں، کارکردگی، اعزاز یا ایسا کچھ بھی جو ہم پاکستان کے بارے میں بہت پسند کرتے ہیں۔ آیئے اپنے ملک پاکستان کی اس70ویں سالگرہ پر اسے ایک بہترین تحفہ دیتے ہیں۔ پاکستان کے لیے ہماری یہ دعا تاریخ کی لمبی ترین مہم ہو گی۔
PakistanZindabad ایک مہم ہے جس میں دنیا کووہ پاکستان دکھانا ہے جسے ہم پیار کرتے ہیں۔ یہ 14اگست 2017کی شام 7بج کر 47منٹ پر شروع ہو گی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں