۔ایزابیل کی عمر صرف 12 سال ہے لیکن وہ ایک بیوٹی کمپنی کی مالک ہے

برمنگھم(ویب ڈیسک)نوعمر بچوں کو کھیل کود اور والدین کو ستانے کے سوا کوئی کام نہیں ہوتا لیکن برطانوی لڑکی ایزابیل ذرا مختلف ہے، بلکہ بہت ہی مختلف ہے۔ایزابیل کی عمر صرف 12 سال ہے لیکن وہ ایک بیوٹی کمپنی کی مالک ہے اور ہر ماہ تقریباً ایک لاکھ 30 ہزار روپے کما لیتی ہے۔
ایزابیل کی والدہ کا بیوٹی پارلر ہے اور اس نے نہ صرف کم عمری میں ہی اپنی والدہ سے بیوٹی پارلر کا کام سیکھا بلکہ بیوٹی پراڈکٹس کا اپنا کامیاب کاروبار بھی شروع کردیاہے۔ وہ اس کاروبار کو شروع کرنے کیلئے گزشتہ دو سال سے بچت کررہی تھی۔ کم سن ایزا بیل پر اپنا کاروبار شروع کرنے کا اتنا جنون طاری تھا کہ اس نے دو سال تک اپنے جیب خرچ میں سے ایک پیسہ بھی استعمال نہیں کیا۔ اس کی محنت کا صلہ اب اسے مل رہا ہے کیونکہ وہ اپنے کاروبار سے ماہانہ 1000پاؤنڈکمارہی ہے۔
ایزابیل نے اپنے کام کا آغاز ایک بیوٹی کریم کی فروخت سے کیا جس کی مارکیٹنگ اس نے اپنی بنائی گئی ویڈیو کے ذریعے کی۔ وہ یہ کریم قدرتی اجزاء سے خود تیار کرواتی ہے اور اس کے کسٹمر اسے بہت پسند کررہے ہیں۔و ہ بیوٹی کریم کے علاوہ میک اپ فاؤنڈیشن، بلشر، لپ گلاس اور اسی طرح کی دیگر اشیاء بھی فروخت کررہی ہے۔
ایزا بیل کا کہنا ہے کہ یہ تو ابھی پہلا قدم ہے کیونکہ وہ اپنے کاروبار کو قومی اور پھر بین الاقوامی سطح پر پھیلانا چاہتی ہے۔ اس کی والدہ ارلنڈا موئس، جو 2003ء میں ملائیشیاء سے برطانیہ منتقل ہوئیں، کا کہنا ہے کہ اس کاروبار کا آئیڈیا ایزابیل کا اپنا تھا اور اسے قائم کرنے اور چلانے کیلئے تمام کام وہ خود ہی کرتی ہے۔ اسے ہر ہفتے دو سے تین پاؤنڈ جیب خرچ ملتا تھا لیکن وہ دو سال تک اسے بچاکررکھتی رہی تاکہ اپنا کاروبار شروع کرسکے۔ اب وہ میک اپ کی مختلف قسم کی اشیاء اپنی نگرانی میں تیار کرواتی ہے اور ان کی مارکیٹنگ بھی خود کرتی ہے۔ کمسن ایزابیل صرف کاروبار میں ہی دلچسپی نہیں رکھتی بلکہ پڑھائی میں بھی بہت اچھی ہے۔ وہ مستقبل میں کلارا انٹرنیشنل استھیٹک کالج سے بیوٹی اینڈ فیشن کے مضمون میں ڈگری حاصل کرنا چاہتی ہے، جس کے لئے وہ ابھی سے خوب جی لگا کر پڑھائی کر رہی ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں