صبور علی نے خود کشی کی خبروں کو من گھڑت قرار دے دیا

کراچی: نامور پاکستانی اداکارہ سجل علی کی بہن اور اداکارہ صبور علی نے خودکشی کی خبروں پر خاموشی توڑتے ہوئے اسے من گھڑت قرار دے دیا۔
میڈیا رپورٹ کے مطابق صبور علی کے حال ہی میں ہسپتال میں داخل ہونے کے بعد سوشل میڈیا پر افواہیں گردش کرنے لگیں کہ صبور علی نے اپنی زندگی کا خاتمہ کرنے کی کوشش کی تاہم انہیں بروقت بچا لیا گیا۔ صبور علی کی خودکشی کرنے کی خبر سوشل میڈیا پر جنگل کی آگ کی طرح پھیل گئی اوران کے مداح تشویش میں مبتلا ہو گئے تاہم صبور علی نے ان کے بارے میں گردش کرنے والی تمام افواہوں کی تردید کر دی ہے۔
صبور علی نے سوشل میڈیا پر ایک پیغام میں کہا کہ میری خودکشی کرنے کی خبروں میں کوئی سچائی نہیں، مجھے فوڈ پوائزننگ کے باعث ہسپتال میں داخل کیا گیا تھا لیکن اب میں بالکل ٹھیک ہوں۔ انہوں نے ایسی افواہیں پھیلانے والوں سے درخواست کرتے ہوئے کہا کہ مہربانی کر کے غلط معلومات پر مبنی خبریں پھیلانا بندکریں کیونکہ ایسی خبریں لوگوں کی زندگیوں پر بہت گہرا اثر ڈالتی ہیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں