وزارت خارجہ کو تمام سفارتخانوں سے نواز شریف کی تصاویر ہٹانے کی ہدایت کردی

اسلام آباد (سٹی نیوز)قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے سمندر پار پاکستانیز و ترقی انسانی وسائل نے ہدایت کی ہے کہ بعض ممالک میں پاکستانی سفارتخانوں میں تاحال سپریم کورٹ کی طرف سے نااہل قرار دیئے گئے وزیر اعظم نواز شریف کی تصاویر لگی ہوئی ہیں انہیں فوری اتار دیا جائے, نوازشریف کی ایک تصویر عمان کے سفیر کے دفتر میں لگی ہوئی تھی جس پر کمیٹی نے برہمی کا اظہا ر کیا اور وزارت خارجہ کو تمام سفارتخانوں سے نواز شریف کی تصاویر ہٹانے کی ہدایت کردی، کمیٹی اراکین کاکہناتھاکہ نااہلی کے بعد نواز شریف کی تصاویر لگانا قابل مذمت ہیں،کس حیثیت میں یہ تصاویر لگی ہیں۔
کمیٹی کا اجلاس سوموار کو پارلیمنٹ ہاؤس میں زیر صدارت شگفتہ جمانی منعقد ہوا۔شگفتہ جمانی نے کہا کہ ہمارے نوٹس میں یہ بات آئی ہے کہ بعض پاکستانی سفارتخانوں میں ابھی تک نوازشریف کی تصاویر آویزاں ہیں جن کے ساتھ پاکستانی سلفیاں بنا کر سوشل میڈیا پر بھی شیئر کر رہے ہیں جبکہ یہ بھی کہا جا رہا ہے کہ بعض سفارتخانوں میں قائد اعظم کی تصویریں نہیں لگی ہوئی ہیں لہذا کمیٹی وزارت خارجہ کو یہ ہدایت کرتی ہے کہ فوری طور پر نواز شریف کی تصاویر اتار دی جائیں اور قائد اعظم کی تصویر آویزاں کی جائیں۔
ڈی جی آپریشنل نادرا بریگیڈئر (ر) نثار احمد نے کمیٹی کو بریف کیا کہ کمیٹی نے گلف میں کا م کرنے والے پاکستانیوں کیلئے سفارش کی تھی کہ آنہیں نائیکوپ کے بجائے عام شناختی کارڈ جاری کئے جائیں اس مقصد کیلئے ایکٹ میں ترمیم کی ضرورت ہے جس کیلئے ہم نے وفاقی وزارت داخلہ کو تحریری طور پر آگاہ کر دیا ہے اور اگر کمیٹی بل لانے کی سفارش کرے توبل کی تیاری کا عمل تیز ہو جائے گا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں