فاٹا میں بھی کرکٹ میچ کرائیں یہاں بھی سیکورٹی کا مسئلہ نہیں ہے پاک فوج انہیں بھرپور سیکورٹی دے گی

راولپنڈی (سٹی نیوز)پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے ڈائریکٹر جنرل میجر جنرل آصف غفور نے کہا ہے کہ پورے ملک میں کہیں بھی سیکورٹی کا کوئی مسئلہ نہیں ہے، انٹرنیشنل کرکٹ کی بحالی خوش آئند ہے، ہم پی سی بی کو پیش کش کرتے ہیں کہ وہ آئیں اور فاٹا میں بھی کرکٹ میچ کرائیں یہاں بھی سیکورٹی کا مسئلہ نہیں ہے پاک فوج انہیں بھرپور سیکورٹی دے گی۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے ڈی جی میجر جنرل آصف غفور کا کہنا تھا کہ پاکستان سے دہشت گردی کا مکمل خاتمہ کردیا ہے، اس وقت ہمارے ملک کے تمام شہر محفوظ ہیں۔ بین الاقوامی ٹیمیں پاکستان آئیں ہماری سیکورٹی ایجنسیز انہیں بھرپور سیکورٹی دیں گی۔ امریکی وفد کو پاکستان کی سول اور ملٹری قیادت نے مشترکہ مؤقف دیا ، وزیر خارجہ چند دنوں میں امریکہ جا رہے ہیں انہیں پاک فوج نے سیکورٹی کی کوششوں کے حوالے سے مکمل طور پر بریف کردیا ہے اور وہ امریکہ جا کر پاکستان کا مؤقف بھرپور انداز میں بیان کریں گے۔انہوں نے راجہ بازار میں ہونے والے واقعے کے حوالے سے وضاحت دیتے ہوئے کہا کہ دہشت گردکالے کپڑے پہن کر محرم کے جلوس میں شامل ہوئے اور انہوں نے مسجد کو جلایا ، دہشت گردوں کا کوئی ملک ہوتا ہے اور نہ ہی مسلک ، انہیں سرحد پار سے بھارتی خفیہ ایجنسی اور کلبھوشن یادیو کی جانب سے ہدایات ملتی رہیں اور ان کا مقصد پاکستان میں فرقہ واریت کو فروغ دینا تھا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں