میاں عباس شریف کے داماد میر عاصم پیپلز پارٹی میں شامل

کراچی (نیوز ڈیسک) سابق وزیر اعظم نواز شریف کے قریبی عزیز اور میاں عباس شریف کے داماد میر عاصم نے پیپلز پارٹی میں شمولیت کا اعلان کر دیا ہے ۔ انہوں نے یہ اعلان منگل کو سندھ اسمبلی بلڈنگ میں سندھ کے سینئر وزیر خوراک و پارلیمانی امور نثار احمد کھوڑو کے ہمراہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔ نثار احمد کھوڑو نے کہا میر عاصم میاں عباس شریف کے داماد ہیں۔ پیپلز پارٹی میں شامل ہونے پر ہم انہیں خوش آمدید کہتے ہیں ۔ میر عاصم نے کہا میں چیئرمین بلاول بھٹو اور پیپلز پارٹی سندھ کا شکرگزار ہوں اور ان کی قیادت پر مکمل اعتماد کا اظہار کرتا ہوں ۔ ایک سوال کے جواب میں نثار احمد کھوڑو نے کہاخواجہ اظہار پہلے ایجنسیوں سے جان چھڑا لیں پھر کراچی پر قبضے کے کسی پر الزامات عائد کریں۔ پیپلز پارٹی کراچی پر قبضہ نہیں کرنا چاہتی بلکہ وہ عوام کے دلوں پر راج کرتی ہے ۔ کراچی کے عوام ماضی میں ڈر اور خوف سے اپنے فیصلے آزادانہ نہیں کرسکتے تھے۔ اب عوام ڈر اورخوف سے نکل چکے ہیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں