آج بھی میثاق جمہوریت پر قائم ہوں ،آصف علی زرداری سے غیر مشروط طور پر ہاتھ ملانے کے لیے تیار ہوں،نوازشریف

اسلام آباد (نیوز ڈیسک )سابق وزیراعظم نواز شریف نے کہا ہے کہ آگے بڑھنے کے لیے 70سالہ تاریخ کو بدلنا ہو گا ،آصف علی زرداری سے غیر مشروط طور پر ہاتھ ملانے کے لیے تیار ہوں ۔ان کا کہنا ہے کہ تحریک انصاف جیسی پارٹیاں ہمارے لیے بد قسمتی ہیں ،پی ٹی آئی جمہوری سیاست نہیں کرتی ،اس لیے اس کی طرف دیکھتا بھی نہیں ۔انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی فاشسٹ قسم کی جماعت ہے جو جھوٹ ،الزام تراشی اور بہتان تراشی کی سیاست کرتی ہے ،میں تو سمجھتا تھا کہ جھوٹ اور الزام تراشی کی سیاست ختم ہو گئی لیکن بدقسمتی سے الزام تراشی کی سیاست دوبارہ کی جا رہی ہے ۔
لیگی رہنما رجب بلوچ کی نجی ہسپتال میں عیادت کے بعد میڈ یا سے گفتگو کرتے ہوئے نواز شریف نے کہا کہ وقت بدل گیا ہے ،کوئی بھی شخص جو ایک نظریے پر قائم ہے وہ کسی بھی ڈکٹیٹر کے اقدامات کو تحفظ دینے کے لیے تیار نہیں ہو گا ۔ان کا کہنا تھا کہ پیپلز پارٹی نے ماضی میں جدو جہد کی ،ایسی جماعت ڈکٹیٹر کے اقدامات کو تحفظ دینے کی کوشش کرے ،اس بات پر تکلیف ہوتی ہے ۔انہوں نے کہا کہ میں آج بھی میثاق جمہوریت پر قائم ہوں ،کبھی این آر او نہیں کیا اور نہ ہی کروں گا ،جب مشرف نے ملک بدر کیا اس وقت این آر او کرسکتا تھا لیکن ایسا نہیں کیا۔نواز شریف کا کہنا تھا کہ یہ بل میری نا اہلی کو ختم کرنے والا نہیں بلکہ پاکستان کے مستقبل کو روشن بنانے والا ہے ۔

اپنا تبصرہ بھیجیں