منچن آباد : نوسر باز خاتون کا نکاح کی آڑ میں شہری کو 20لاکھ کا ٹیکہ

بہاولنگر (ویب ڈیسک) منچن آباد کے نواحی گاؤں جیوے والا کے رہائشی غلام رسول نے سٹی پریس کلب منچن آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ منچن آباد گرلز ہائی سکول کی درجہ دوئم کی ملازمہ پروین اختر نوسر بازی کے ذریعے غریب اور سادہ لوح لوگوں کو اپنی ٹیم کے ساتھ مل کر لوٹتی ہے۔ اس کی ٹیم میں محمد اکمل محمد رفیق اور ایک خاتون بھی شامل ہے جو سیدھے سادھے لوگوں کو لوٹنے میں سرگرم ہیں۔ غلام رسول نے کہا کہ اس نوسر باز خاتون پروین اختر نے نکاح کی اوٹ میں اسے 20لاکھ روپے کا چونا لگایا جس میں دس لاکھ مالیت کا مکان، ڈھائی لاکھ مالیت کا پانچ تولے سونا اور نقدی 6لاکھ روپے ہتھیا کر اپنے ساتھیوں کے ساتھ مل کر اسے گھر سے نکال دیا اور سارا مال نوسرباز ٹیم ہڑپ کرگئی۔

غلام رسول نے مزید کہ کہا کہ اس نوسرباز ٹیم کا کام ہی سادہ اور عام لوگوں کو ورغلا کر لوٹنا ہے جن کا کوئی پرسان حال نہیں ہوتا۔ غلام رسول نے وزیراعلیٰ پنجاب اور ڈی پی او بہاولنگر سے اپیل کی کہ وہ فوری طور پر لوٹا ہوا مال واپس دلوائیں اور اس نوسر باز ٹیم سے سادہ لوح لوگوں کو بچائیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں