بیانیے کی جنگ: بھارتی سائبر سکیورٹی چیف کا ڈی جی آئی ایس پی آر سے سیکھنے کا مشورہ

اسلام آباد: (سٹی نیوز) بھارتی سائبر سکیورٹی چیف بھی پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کے ڈائریکٹر جنرل کے معترف نکلے۔ جنرل ریٹائرڈ راجیش پنٹ کا کہنا ہے کہ بیانیے کی جنگ کیسے لڑنی ہے ؟ یہ ڈی جی آئی ایس پی آر میجر جنرل آصف غفور سے سیکھنا پڑے گا کیونکہ آج کی جنگ میں طور طریقے بدل چکے ہیں جس میں پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کے ڈائریکٹر جنرل ہم سے کہیں آگے ہیں۔

بھارتی میڈیا کے مطابق ان کا کہنا تھا کہ بھارت کی تینوں مسلح افواج کیلئے الگ الگ پبلسٹی ونگز ہیں، تینوں افواج کے پبلسٹی ونگ اپنے اپنے راگ الاپ رہے ہوتے ہیں، پاکستان کا ایک آئی ایس پی آر موثر انداز میں بیانیہ دے رہا ہے، بھارتی فورسز بھی پاکستان کی طرح مشترکہ آئی ایس پی آر تشکیل دیکر بیانیہ پیش کرے۔

بھارتی سائبر سکیورٹی چیف کا کہنا ہے کہ پاکستانی مسلح افواج کا ترجمان ہر فورس کے اقدامات کی منظم ترجمانی کرتا ہے، اطلاعات کی جنگ میں پاکستانی ڈی جی آئی ایس پی آر کی بات کو وزن دیا جاتا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ پاکستانی ڈی جی آئی ایس پی آر کشمیر میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں پر بات کرتے تو پورا یورپ انکی بات کو توجہ دیتا ہے، جب پاکستانی ڈی جی آئی ایس پی آر خطے کو خطرات کی بات کرتے تو دنیا خطرے کو محسوس بھی کرتی ہے۔

جنرل ریٹائرڈ راجیش پنٹ کا کہنا ہے کہ بھارت کو بھی قومی سطح پر اس سمت میں دیکھنا ہو گا، ہمیں بھی اپنی فورسز کا منظم بیانیہ پیش کرنے کی طرف توجہ دینا ہوگی کیونکہ آج کی جنگ میں طور طریقے بدل چکے ہیں جس میں ڈی جی آئی ایس پی آر ہم سے کہیں آگے ہیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں