بیٹے کا ماں پر تشدد، شوبز ستاروں کے دل دکھی، انصاف کیلئے صدا بلند

لاہور: (سٹی نیوز) راولپنڈی میں بیٹے کے ماں پر بد ترین تشدد اورگالم گلوچ کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہورہی ہے اور یہ ٹاپ ٹرینڈ بن چکا ہے، اس دلخراش ویڈیو پر پوری دنیا کے ساتھ شوبز ستاروں کے دل بھی دکھی ہیں اور انہوں نے اس واقعہ کو سفاکیت کی انتہا قراردیتے ہوئے انصاف کیلئے صدا بلند کردی ہے۔

میڈیا رپورٹ کے مطبق اداکارہ و گلوکارہ ماہ نور کا اپنے سوشل میڈیا پیغام میں کہنا تھا کہ اس بیٹے کے ماں پر تشدد کی خبر سن کر دل خون کے آنسو رو رہا ہے، اس واقعہ سے مامتا کو شرمسار کر دیا گیا، خدا کی لاٹھی بے آواز ہے، بدبخت بیٹے کو اسی دنیا میں اس کی سز ا مل جائے گی۔ اداکارہ ثنا فخر نے کہا کہ اس ویڈیوکو دیکھ کر دل پر ایک بوجھ سا آ گیا ہے اور آنکھیں بھیگی ہوئی ہیں، ایسا ظلم کرنے والے بیٹے کو بربادی کے سوا کچھ نہیں ملے گا۔

اداکارہ ہنی شہزادی نے ماں پرتشدد کرنیوالے بیٹے کو بدقسمت ترین قراردیا اور کہا کہ اس نے اپنی جنت کو خود اپنے ہاتھوں سے روند دیا۔ سینئر اداکارہ ثمینہ پیرزادہ نے کہا کہ یہ سب ناقابل یقین ہے، ماں کے ساتھ بدترین سلوک کرنے والے کو کبھی سکون نصیب نہیں ہوسکے گا، اس ویڈیو کو دیکھ ایسا لگا جیسے کسی نے دل کو مٹھی میں جکڑ لیا ہو۔

اداکارہ نیمل خاور خان نے اسلام میں والد اور والدہ کی عظمت سے متعلق ایک قرآنی آیت سوشل میڈیا پرشیئر کرتے ہوئے کہا کہ ’’اللہ کا قہر اس آدمی کا منتظر ہے‘‘۔ نیمل خاور کے شوہر حمزہ علی عباسی نے کہا کہ ’’ یا اللہ ، میرے پاس الفاظ نہیں ہیں، میں نے اس ویڈیو کو ڈیلیٹ کر دیا ہے، میں پوسٹ نہیں کر سکتا، یا میرے اللہ۔۔۔۔‘‘انہوں نے اپنی دوسری سوشل میڈیا پوسٹ میں کہا کہ ’’ جہنم کا سب سے گہرا گڑھا اس شیطان صفت بیٹے کا منتظر ہے جس نے اپنی بوڑھی ماں پر ہاتھ اٹھایا ہے۔

اداکارہ صبا قمر نے کہا کہ انہیں یہ غیر انسانی عمل دیکھ کرتکلیف ہوئی ہے، کوئی اتنا ظالم اور سخت دل کیسے ہو سکتا ہے۔ شوبزستاروں نے پاکستانی حکام سے درخواست کی ہے کہ اس واقعہ پر فوری کارروائی کی جائے اور متاثرہ خاتون کو انصاف فراہم کیا جائے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں