پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) حکومت کے معاشی اصلاحات پیکیج 2019ءکو بہترین قرار دے دیا

لاہور (نیوز ڈیسک) لاہور چیمبر آف کامرس کے صدر الماس حیدر نے پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) حکومت کے معاشی اصلاحات پیکیج 2019ءکو بہترین قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ جو کچھ ہونے والا تھا، حکومت نے اس میں سے بہت کچھ کر دیا ہے۔

نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے الماس حیدر نے کہا کہ یہ بجٹ نہیں بلکہ معاشی اصلاحات کا پیکیج ہے جس کے ذریعے گزشتہ 10 سالوں میں ہونے والی کوتاہیوں، خرابیوں پر قابو پانے کیساتھ ساتھ بہت سارے ٹیکس اور ودہولڈنگ کم کئے گئے ہیں اور تحریک انصاف نے کوشش کی ہے کہ وہ ٹیکسوں کے بوجھ زیادہ سے زیادہ کم کر سکیں۔

انہوں نے کہا کہ اس میں سب سے اہم چیز یہ ہے کہ حکومت نے 150 سے زائد اقسام کے خام مال پر ڈیوٹیاں کم کی ہیں جس کے باعث انڈسٹری میں مقابلے کا رجحان پیدا ہو گا جس سے سرمایہ کاری بھی آئے گی اور صنعتیں ترقی بھی کریں گی اور جب صنعتیں چلتی ہیں تو روزگار پیدا ہوتا ہے اور طلب و رسد کی شرح درست ہوتی ہے اور پھر ایک وقت آتا ہے جب رسد کی شرح طلب سے بڑھ جاتی ہے اور پھر قیمتیں خودبخود کم ہو جاتی ہیں۔

ایک سوال کے جواب میں ان کا کہنا تھا کہ معاشی اصلاحات پیکیج کے تحت غریب عوام کو ریلیف ضرور ملے گا مگر اس کا کوئی ٹائم فریم نہیں ہے البتہ ہم اس پر بہت خوش ہیں اور جو کچھ ہونے کی امید کر رہے تھے، اس میں سے بہت کچھ انہوں نے کر دیا ہے جبکہ جو کچھ رہ گیا ہے وہ اگلے بجٹ میں کروا لیں گے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں