بہاؤالدین ذکریا یونیورسٹی ملتان میں سٹوڈنٹس سوسائٹیزکے زیر اہتمام تربیتی ورکشاپس کے انعقاد کا اعلان

ملتان(فاروق ملک ) مثبت سرگرمیوں کے فروغ اور ٹیلنٹ کے نکھار میں سٹوڈنٹ سوسائٹی کا کردار قابل ستائش ہے، توقع ہے ہونہار طلباء مستقبل میں باگ ڈور سنبھال کر ملک و قوم کا نام روشن کریں گے۔ اِن خیالات کا اظہارطاہر محمود ڈپٹی ڈائریکٹر سٹوڈنٹ افئیرز نے کلچرل /ڈرامیٹک سوسائٹی کے طلباء وطالبات کی جانب سے ماس کمیونیکیشن ڈیپارٹمنٹ میں منعقدہ تقریب کے دوران اپنے تاثرات بیان کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے مزید کہا کہ بہاؤ الدین زکریا یونیورسٹی ملتان کی مختلف سوسائٹیز کے طلباء و طالبات انٹریونیورسٹی اور ملکی و صوبائی سطح پرہونیوالے دیگرمقابلوں میں بھرپورشرکت کرکے نمایاں پوزیشنیں حاصل کرتے ہیں جو کہ خوش آئند ہے۔
میٹنگ کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے سول سوسائٹی کے نمائندہ اور سابق صدر بہاولپور پریس کلب جنید نذیر نے کہا کہ بہاؤالدین ذکریا یونیورسٹی سے فارغ التحصیل طلباء وطالبات ملک بھر میں مختلف میڈیاہاؤسز میں بہترین انداز پر صحافتی فرائض سر انجام دے رہے ہیں۔ انشاء اللہ توقع ہے کہ مذکورہ ٹریننگ پروگرام ماس کمیونیکیشن کے طلباء وطالبات اور مختلف سوسائٹیز سے وابستہ سٹوڈنٹس کی انفرادی تعمیر میں اہم کردار ادا کرے گا۔

بہاؤ الدین زکریایونیورسٹی کی کلچرل اینڈ میوزک سوسائٹی کے صدر محمد مہدی نے اِس موقع پر اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ ہمارے طلباء مختلف موضوعات پر دستاویزی فلم ، تھیٹر، مائم اور دیگر پرفارمنس کے ذریعے اپنے ٹیلنٹ کا بھرپور اظہار کرتے ہیں۔ یونیورسٹی انتظامیہ کی زیر سرپرستی مذکورہ پروگرام کے تحت ہماری سوسائٹی طلباء وطالبات کے لئے آن لائن جرنلزم ، فوٹو جرنلزم ٗ باہمی ہم آہنگی ٗ امن کے فروغ اور مختلف موضوعات پر ڈاکو مینٹریز ٗ تربیتی ورکشاپس اور سیمینارز کا اہتمام کرے گی جس سے ہماری سٹوڈنٹس سوسائٹی کے ممبران کو بہت کچھ سیکھنے کا موقع ملے گا۔ یہ تربیتی ورکشاپس طلباء کے انفرادی صلاحیتوں میں اضافے کے ساتھ ساتھ انہیں معاشرے میں بحیثیت شہری ایک مثبت کردار ادا کرنے میں معاون ثابت ہونگی۔ جس سے معاشرے میں امن و امان اور بھائی چارے کے فضا قائم کرنے میں مدد ملے گی۔ انہوں نے یونیورسٹی انتظامیہ کا شکریہ ادا کرتے ہوئے توقع ظاہر کی کہ آئندہ بھی طلباء وطالبات کو اِس طرح کے مواقع فراہم کئے جائیں گے جو کہ اُن کی پیشہ وارانہ زندگی میں کارآمد ثابت ہوں گے۔

تقریب میں وزیٹنگ لیکچرار عبدالشکور ، سجاد علی سمیت اساتذہ اور مختلف سٹوڈنٹ سوسائٹیز سے تعلق رکھنے والے طلباء وطالبات کثیر تعداد میں موجود تھے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں