”ڈالر آ گئے، ڈالر آ گئے“ پاکستانیوں کو جمعہ کے دن بڑی خوشخبری مل گئی

اسلام آباد (سٹی نیوز) سعودی عرب نے معاشی پیکیج کے تحت پاکستان کو مزید ایک ارب ڈالر منتقل کر دئیے ہیں جس کے بعد پاکستان کو تین ارب ڈالر کی فراہمی مکمل ہو گئی ہے۔

تفصیلات کے مطابق وزیراعظم پاکستان عمران خان نے گزشتہ سال سعودی عرب کا دورہ کیا تھا جس دوران سعودی عرب کی جانب سے پاکستان کیلئے 12 ارب روپے کے معاشی پیکیج کا اعلان کیا گیا تھا اور اس کے تحت 3 ارب ڈالر پاکستان کے اکاﺅنٹ میں منتقل کئے جانے تھے۔

سعودی عرب کی جانب سے تین ارب ڈالر کی پہلی قسط 19 نومبر اور دوسری قسط 14 دسمبر کو موصول ہوئی تھی اور ایک ارب ڈالر کی تیسری قسط بھی موصول ہو گئی ہے جس کی تصدیق سٹیٹ بینک نے بھی کر دی ہے۔ ترجمان سٹیٹ بینک کے مطابق سعودی عرب نے 3 ارب ڈالر کی تیسری قسط کی صورت میں مزید ایک ارب ڈالر پاکستان کو منتقل کردیے ہیں جس کے بعد پاکستان کو 3 ارب ڈالر کے پیکیج کی فراہمی مکمل ہو گئی ہے۔

مرکزی بینک کے ترجمان کے مطابق سعودی عرب کی جانب سے مزید ایک ارب ڈالر منتقل کئے جانے کے بعد زرمبادلہ کے ذخائر 15 ارب 25 کروڑ ڈالر سے زیادہ ہوچکے ہیں۔واضح رہے کہ گزشتہ روز متحدہ عرب امارات سے بھی پاکستان کو تین ارب ڈالر کے معاہدے کی پہلی قسط ایک ارب ڈالر موصول ہوگئی ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں