بیگم کلثوم نواز کو شیر کا نشان الاٹ کردیا گیا

لاہور (سٹی نیوز) مسلم لیگ ن کی این اے 120 سے امیدوار بیگم کلثوم نواز کے کورنگ امیدوار حافظ نعمان نے کاغذاتِ نامزدگی واپس لینے سے انکار کرتے ہوئے بطور آزاد امیدوار الیکشن میں حصہ لینے کا اعلان کردیا ہے، الیکشن کمیشن کی جانب سے انہیں انتخابی نشان لیپ ٹاپ الاٹ کردیا گیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق آج (جمعہ کو) این اے 120 کے امیدواروں کیلئے کاغذاتِ نامزدگی واپس لینے کا آخری دن ہے، امیدوار شام 4 بجے تک کاغذات واپس لے سکیں گے۔ پاکستان عوامی تحریک کے امیدوار اشتیاق چوہدری نے تحریک انصاف کی امیدوار ڈاکٹر یاسمین کے حق میں دستبرداری کا اعلان کرتے ہوئے اپنے کاغذاتِ نامزدگی واپس لے لیے ہیں جبکہ پی ٹی آئی کی کورنگ امیدوار عندلیب عباس نے بھی اپنے کاغذاتِ نامزدگی واپس لے لیے ہیں جس کے بعد ڈاکٹر یاسمین راشد کو بلے کا انتخابی نشان الاٹ کردیا گیا ہے۔ پیپلز پارٹی کے کورنگ امیدوار عزیز الرحمان چن نے کاغذاتِ نامزدگی واپس لے لیے ہیں جس کے بعد فیصل میر کو تیر کا نشان الاٹ کردیا گیا ہے۔
دوسری جانب حکمران جماعت مسلم لیگ ن کی امیدوار بیگم کلثوم نواز کے کورنگ امیدوار حافظ نعمان نے پارٹی سے بغاوت کرتے ہوئے کاغذاتِ نامزدگی واپس لینے سے انکار کردیا۔ انہوں نے کاغذات واپس لینے کی بجائے پارٹی ٹکٹ واپس کردیا ہے جس کے بعد بیگم کلثوم نواز کو شیر کا نشان الاٹ کردیا گیا ہے جبکہ حافظ نعمان جن کی حیثیت اب آزاد امیدوار کی ہو چکی ہے انہیں لیپ ٹاپ کا انتخابی نشان الاٹ کردیا گیا ہے اور وہ اسی انتخابی نشان پر انتخاب لڑیں گے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں