دورہ پاکستان، پی سی بی کا سخت موقف، بنگلا دیش ٹیم بھیجنے کیلئے رضا مند

لاہور: (ویب ڈیسک) پاکستان کی طرف سے ’سخت مؤقف‘ اپنانے کے بعد بنگلا دیشی کرکٹ بورڈ کی اکڑ ختم ہونے لگی، بنگلا دیشی بورڈ کے موقف میں نرمی آنے لگی۔

تفصیلات کے مطابق پاکستان اور بنگلا دیش کے درمیان ٹیسٹ چیمپئن شپ کے سیریز پاکستان میں ہونا ہے اس کے لیے مہمان ٹیم کے بورڈ نت نئے بہانے بازی کر رہے ہیں کبھی سکیورٹی وجوہات اور کبھی کھلاڑیوں کی تحفظات کا نام لیکر ٹیم بھیجنے سے گریزاں ہیں۔

گزشتہ روز پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئر مین احسان مانی نے نیشنل کرکٹ سٹیڈیم میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے ’’ببانگ دہل‘‘ کہا تھا کہ پاکستان اپنی سیریز کسی بھی صورت غیر ملکی زمین پر نہیں کھیلے گا بلکہ یہ اپنی ہوم سیریز اپنے ہی ملک میں کھیلیں گے۔

ذرائع کے مطابق بنگلہ دیش نے پاکستان میں ٹی20 سیریز کے لیے دورہ پاکستان رضامند ظاہر کر دی ہے جبکہ کہا ہے کہ ٹیسٹ سیریز کا فیصلہ ٹی 20 سیریز کے بعد ہو گا۔

واضح رہے کہ پاکستان اور بنگلا دیش کے درمیان آئندہ سال جنوری اور فروری میں ٹی 20 اور ٹیسٹ سیریز شیڈول ہے اور مہمان ٹیم ٹی 20 سیریز کے لیے تو ٹیم پاکستان بھیجنے کے لیے تیار ہے لیکن ٹیسٹ میچز کے لیے سیکیورٹی کو بنیاد بنا کر دورے سے انکار کی وجوہات تلاش کر رہا ہے۔

بنگلا دیش کرکٹ بورڈ کا موقف تھا کہ ٹی20 میچز کے لیے ٹیم پاکستان بھیجنے کے لیے تو تیار ہیں لیکن سیکیورٹی خدشات کے سبب ٹیسٹ میچز کے لیے ٹیم کو پاکستان نہیں بھیج سکتے ہیں کیونکہ ٹیم زیادہ عرصے پاکستان میں قیام نہیں کر سکتی۔

پاکستان کے سخت رد عمل کے بعد بنگلا دیش کرکٹ بورڈ کے بیان میں نسبتاً نرمی آئی ہے اور انہوں نے پاکستان میں ٹی 20 سیریز کھیلنے کے بعد اسکی بنیاد پر ٹیسٹ میچز پاکستان میں کھیلنے کا فیصلہ کریں گے۔

بنگلہ دیش کرکٹ بورڈ کے چیف ایگزیکٹو نظام الدین چوہدری نے صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ بنگلہ دیشی بورڈ پاکستان کرکٹ بورڈ کے جذبات کو سمجھتا ہے لیکن ہم کوئی بھی فیصلہ اپنے کھلاڑیوں اور ٹیم مینجمنٹ کے خیالات کو مدنظر رکھ کر کریں گے۔

ان کا کہنا تھا کہ ہم پاکستان میں انٹرنیشنل کرکٹ کی مکمل بحالی کے لیے کوشاں کریں لیکن ہمیں اپنے کھلاڑیوں اور ٹیم مینجمنٹ کے خیالات کے بارے میں بھی سوچنا پوتا ہے جن میں سے کچھ غیرملکی ہیں، پاکستان میں طویل دورے کے لیے میچ کا ماحول بھی بہت اہمیت کا حامل ہے۔

بی سی بی کے سی ای او کا کہنا تھا کہ ہم نے ابتدائی طور پر ٹی20 میچز کھیلنے کی تجویش پیش کی ہے تاکہ کھلاڑی اور ٹیم مینجمنٹ صورتحال کا بخوبی جائزہ لے سکیں۔

یاد رہے کہ سری لنکا نے بھی پاکستان میں مکمل سیریز کھیلنی تھی لیکن سری لنکن ٹیم نے ابتدائی طور پر ون ڈے اور ٹی20 سیریز کھیلی جس کے بعد ٹیسٹ سیریز کے لیے الگ سے پاکستان کا دورہ کیا۔

پاکستان اور بنگلا دیش کے درمیان ٹی 20 سیریز کے میچز 23، 25 اور 27 جنوری کو شیڈول ہیں، البتہ بنگلہ دیش سے ٹیسٹ سیریز کے لیے انتہائی کم وقت رہ جائے گا کیونکہ فروری کے تیسرے ہفتے سے پاکستان سپر لیگ کا آغاز ہو گا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں