شیخوپورہ:سوشل میڈیا پر منظر عام پر آنے والے ایک عجیب وغریب بینر

شیخو پورہ (نیوز ڈیسک) جس طرح سب جانداروں میں سے اشرف المخلوقات کی زندگی سب سے زیادہ قیمتی ہے اسی طرح اس زندگی کو صحت مند رکھنے والا شعبہ ’طب‘ بھی انتہائی حساس ہے کیونکہ ڈاکٹر کی ایک معمولی غلطی کسی بھی المیے کو جنم دے سکتی ہے، لیکن بعض سرکاری ہسپتالوں میں نا اہل ڈاکٹرز مریضوں کی زندگی کو مذاق سمجھتے ہیں اور بغیر سوچے سمجھے ایسے کارنامے سر انجام دے دیتے ہیں کہ مریض موت کے منہ میں چلا جاتا ہے۔

ایسا ہی کچھ ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر ہسپتال شیخوپورہ میں بھی ہوا جہاں ڈاکٹرز کی آپریشن کے دوران غلطیوں سے تنگ آکر میڈیکل سپریٹنڈنٹ (ایم ایس) انتہائی قدم اٹھانے پر مجبور ہوگیا اور ہسپتال میں بینرز آویزاں کردیے، ان بینرز پر ڈاکٹرز کو آپریشن کے دوران پوری توجہ سے کام کرنے کی ہدایت کے ساتھ ساتھ ان کی ذمہ داریوں کا بھی تعین کیا گیا ہے۔سوشل میڈیا پر منظر عام پر آنے والے ایک بینر میں ایم ایس کی طرف سے ڈاکٹرز کو کی جانے والی ہدایات کچھ یوں ہیں۔
’برائے مہربانی بے ہوشی سے پہلے صحیح مریض کی پہچان اور صحیح آپریشن کی جگہ کا تعین کریں‘
’غلط مریض کے آپریشن ہونے کا ذمہ دار بیہوشی کا ڈاکٹر ہے‘
’غلط سائیٹ کے آپریشن کرنے کا ذمہ دار سرجن ہوگا‘

اپنا تبصرہ بھیجیں