ثقافتی اقدار و روایات کے ذریعے امن، برداشت، مذہبی ہم آہنگی کا درس وقت کی بہت اہم ضرورت ہے ( سماج ڈویلپمنٹ فاؤنڈیشن)

سماج ڈویلپمنٹ فاؤنڈیشن کی زیر نگرانی ایک روزہ” امن میلہ” بستی بوسن اتاڑ، یونین کونسل بوسن میں منعقد کرایا گیا، جس میں کھانوں کے مختلف سٹالز،امن کے حوالے سے ڈرامہ، جھومر تاڑی، لوک موسیقی، امن واک ، دستخطی مہم ، مذہبی رہنماؤں اور وسیب امن کٹھ ممبران کی تقاریر اور شاعری کے پروگرام بھی رکھے گئے۔ اس میلہ میں سماج ڈویلپمنٹ فاؤنڈیشن کے تمام سٹاف کے علاوہ یونین کونسل بوسن و عنایت پور مہوٹہ کے چیئرمین،وسیب امن کٹھ ممبران ، مقامی این جی اوز، میڈیا کے نمائندوں،سماجی کارکنان، گورنمنٹ افسران، اور دیگر مہمانان گرامی نے شرکت کی۔ اور امن کے حوالے سے سماج فاؤنڈیشن کی کاوشوں کو سراہا۔امن میلہ میں وسیب امن کٹھ پراجیکٹ کی کامیابیوں اورحاصل شدہ مقاصد کے بارے میں لوگوں کو آگاہ کیا گیا اور پراجیکٹ کے حوالے سے مختلف سرگرمیوں کی تصاویر ملٹی میڈیا کے ذریعے دکھائی گئیں۔

پراجیکٹ مینیجر اظہر عباس نے امن میلہ کی اختتامیہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اس ایک روزہ امن میلہ کا مقصد لوگوں کو ایک مقام پر اکٹھا کرنا اور یہ پیغام دینا ہے کہ بحیثیت پاکستانی ہم ایک امن پسند قوم ہیں اور ہم اپنی ثقافتی اقدار و روایات کے ذریعے امن کے پیغام کو ہر جگہ پھیلائیں گے۔ سماج ڈویلپمنٹ فاؤنڈیشن نے وسیب امن کٹھ پراجیکٹ کے ذریعے معاشرے میں امن و رواداری کے فروغ اور مقامی تنازعات کے حل کے لیے وسیب امن کٹھ ممبران کی تربیت اور ان میں شعور و آگاہی پیدا کر کے علاقے میں مثبت تبدیلی لانے کے لیے ایک کوشش کی ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ ہمیں پورا یقین ہے کہ تمام وسیب امن کٹھ اپنے علاقے میں امن و امان کوفروغ دینے کے لیے اہم کردار ادا کرتے رہیں گے۔
تقریب سے بریگیڈئیر قیصر مہے نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ افواج پاکستان انتہا پسندی کی سوچ کو ختم کرنے اور امن کو فروغ دینے کے حوالے سے پاکستان کے مختلف حصوں میں امن میلہ جات منعقد کرواتی ہیں،مجھے آج یہ دیکھ کر بے حد خوشی ہوئی کہ سماج ڈویلپمنٹ فاؤنڈیشن نے یونین کونسل بوسن میں ایک امن میلے کا انعقاد کیا ۔ اور جو پروگرام یہاں پیش کئے گئے وہ اپنے لحاظ سے بہت منفرد اور افادیت سے بھر پور ہیں۔ میں سماج ڈویلپمنٹ فاؤنڈیشن کی کاوشوں کو تہہ دل سے سراہتا ہوں۔اور دعاگو ہوں کہ امن کو فروغ دینے کے لیے یہ اپنا مثالی کردار ادا کرتے رہیں۔

تقریب سے ملک نذر وینس، طالب حسین، زاہد بھمبھر،علامہ عمر حیات الحسینی نے بھی خطاب کیا،اور امن کے فروغ اور قیام کے لیے سماج ڈویلپمنٹ کی کوششوں کو سراہا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں