اتوار کے بجائے جمعہ کو ہفتہ وار چھٹی ،سینیٹ میں سراج الحق کی قرار داد

اسلام آباد(سٹی نیوز) امیر جماعت اسلامی سینیٹر سراج الحق نے اتوار کے بجائے جمعہ کو ہفتہ وار تعطیل کرنے کی قرارداد پیش کی تاہم چیئرمین سینیٹ نے قرارداد کا معاملہ ایڈوائزری کمیٹی کے سپردکردیا اور کمیٹی میں بحث کے بعد ایوان میں لانے کا فیصلہ کیا۔

سراج الحق نے قرارداد پیش کی کہ اتوار کے بجائے جمعہ کو ہفتہ وار تعطیل کا اعلان کیا جائے ۔وزیر مملکت علی محمد خان نے کہا اسلام میں تو چھٹی کا کوئی تصور نہیں نوازشریف دور میں معاشی نقطہ نظر کے تحت اتوار کو چھٹی کا فیصلہ کیا گیا تھا۔

علی محمد خان نے کہا زیادہ ترممالک میں اتوار کو چھٹی ہوتی ہے اگر جمعہ کو چھٹی کرتے ہیں تو جمعہ، ہفتہ، اتوار معاشی سرگرمیاں متاثر ہوتی ہیں۔ سراج الحق نے کہا اتوار کی چھٹی سے ہماری معیشت کیا بہتر ہوئی؟ اکثر مسلم ممالک میں جمعہ کو چھٹی ہوتی ہے ۔جاوید عباسی نے کہا جمعہ کی نماز پڑھ کر رزق تلاش کرنے کا کہا گیا ہے جبکہ اسلام میں کوئی پابندی کا تصور نہیں ہے۔

جاوید عباسی نے کہا دنیا کے کاروبار ہفتے اور اتوار کو بند ہوتے ہیں۔مشاہداللہ نے کہا جن ممالک سے ہماری معیشت منسلک ہے وہاں اتوار کو تعطیل ہوتی ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں