ڈینگی کی وباء پر قابو پانے او رمریضوں کے علاج میں پنجاب کی مدد اور تعاون پر خیبر پختونخواہ کے عوام وزیراعلی پنجاب محمد شہبازشریف اور محکمہ صحت کے ڈاکٹرز اور دیگر ماہرین کو دعائیں دے رہے ہیں

لاہور(سٹی نیوز) صوبائی وزیر پرائمری اینڈ سکینڈری ہیلتھ خواجہ عمران نذیر نے کہاہے کہ ڈینگی کی وباء پر قابو پانے او رمریضوں کے علاج میں پنجاب کی مدد اور تعاون پر خیبر پختونخواہ کے عوام وزیراعلی پنجاب محمد شہبازشریف اور محکمہ صحت کے ڈاکٹرز اور دیگر ماہرین کو دعائیں دے رہے ہیں جنہو ں نے بروقت تعاون کا ہاتھ بڑھا کر خیبر پختونخواہ کے لوگوں کی جانیں بچائیں۔ خواجہ عمران نذیر نے مزید کہاکہ پشاور ہائی کورٹ میں سماعت کے دوران فاضل جج صاحب نے بھی ڈینگی کی روک تھام اور مریضوں کے علا ج میں پنجاب کے ڈاکٹرز کی مہارت کو سراہا ہے جو ہمارے لئے باعث فخر ہے۔انہو ں نے یہ بات آج مقامی ہوٹل میں صوبہ بھر کے ڈسٹرکٹ و تحصیل ہیڈ کوارٹرز ہسپتالوں کے میڈیکل سپرنٹنڈنٹس کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہی۔ اس موقع پر سیکرٹری ہیلتھ علی جان خان، PSPUکے ڈائریکٹر محمد خان رانجھا، ایڈیشنل سیکرٹری ڈاکٹر فاروق منظور، ڈاکٹر مختارحسین سید، PMU کے ڈائریکٹر محمد عثمان، پنجاب ہیپاٹائٹس کنٹرول پروگرام،مدر اینڈ چائلڈ ہیلتھ پروگرام کے افسران اور تمام متعلقہ ہسپتالوں کے ایم ایس صاحبان نے شرکت کی۔ خواجہ عمران نذیر نے کہاکہ ڈی ایچ کیو ہسپتال شیخوپورہ اور اٹک نے پنجاب ہیلتھ کیئر کمیشن کے MSDS کو حاصل کرلیاہے جو بہت اعلی کارکردگی کا اظہار ہے۔ انہوں نے کہاکہ دیگر ہسپتالوں کو بھی مذکورہ ہسپتالوں کی تقلید کرنا چاہیے۔ وزیرصحت کا کہنا تھا کہ حکومت نے ڈسٹرکٹ و تحصیل ہیڈکوارٹرز ہسپتالوں کے ادویات کے بجٹ کو گذشتہ سال کے بجٹ کے مقابلے میں دوگنا کردیاہے او راعلی کوالٹی کی ادویات فراہم کی جارہی ہیں۔ خواجہ عمران نذیر نے ہدایت کی کہ کانگو اور HI,NI ا نفلیونزا کی روک تھام او رمریضوں کے علاج معالجے کیلئے فول پروف اقدامات کریں اور اس سلسلہ میں ایک چیک لسٹ تیار کرلیں جسکے مطابق تمام اقدامات کو یقینی بنایاجائے۔قبل ازیں سیکرٹری ہیلتھ علی جان خان نے کہاکہ تمام افسران عوام کے لئے اوپن ڈور پالیسی پر عمل کریں تاکہ اپنے مسائل کے سلسلہ میں آنے والے لوگو ں کو پریشانی کا سامنا نہ کرنا پڑے۔ انہو ں نے بتایاکہ مربوط بلڈ سکریننگ اینڈ ویکسینیشن کیمپس کا تجربہ نہایت کامیاب رہاہے اور اب اس پروگرام کو ہسپتالوں میں مستقل بنیادوں پر شروع کیاجارہاہے جس کے لئے مستقل ڈیسک قائم کئے جارہے ہیں اور پہلے مرحلہ میں شیخوپورہ، قصور او رننکانہ صاحب کے ڈسٹرکٹ ہیڈکوارٹرز ہسپتالوں میں مربوط سکریننگ ڈیسک قائم کئے جارہے ہیں۔ انہو ں نے کہاکہ ڈی ایچ کیو او ر ٹی ایچ کیو ہسپتالوں میں اینتھسیزیا کے ڈاکٹرز کو تنخواہ کے علاوہ سپیشلسٹ الاؤنس کے ساتھ فی آپریشن 2500 روپے دیئے جارہے ہیں جس سے نہ صرف ڈاکٹرز کو خطیر مالی فائدہ پہنچا ہے بلکہ مریضوں کی سرجریز میں بھی تیزی آگئی ہے۔اجلاس میں ہسپتالوں کی ری ویمپنگ، سی ٹی سکین مشینوں اور ہاسپٹل ویسٹ مینجمنٹ کیلئے انسیزیٹرز کی تنصیب، جنیٹوریل اور لیبارٹری سروسز کی آؤٹ سورسنگ اور سٹاف کی ٹریننگ و کیپسٹی بلڈنگ کے معاملات میں پیش رفت کا جائزہ بھی لیاگیا اور تمام ہسپتالوں کی کارکردگی کی انفرادی طور پر پڑتال کی گئی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں