ٹکٹوں کی قیمتیں پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کے فائنل میچ سے بھی کم رکھنے کا فیصلہ کر لیا

لاہور (سٹی نیوز) پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے ورلڈ الیون کے خلاف سیریز کے دوران زیادہ سے زیادہ شائقین کو سٹیڈیم تک لانے کیلئے ٹکٹوں کی قیمتیں پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کے فائنل میچ سے بھی کم رکھنے کا فیصلہ کر لیا ہے۔
مختلف انکلوژرز کیلئے ٹکٹوں کی قیمتیں 6 ہزار، 4 ہزار، اٹھائی ہزار اور 500 روپے رکھنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ پاکستان سپر لیگ کے فائنل میچ کے موقع پر فضل محمود، عمران خان، وسیم اکرم اور وقار یونس انکلوژر کی ٹکٹ کی قیمت 12 ہزار روپے تھی تاہم ورلڈ الیون کے خلاف سیریز کیلئے مذکورہ انکلوژرز کی ٹکٹوں کی قیمت 6 ہزار روپے رکھی جائے گی۔
اسی طرح جاوید میانداد، عبدالقادر اور رمیض راجہ انکلوژرز کی ٹکٹ پی ایس ایل فائنل کے موقع پر 8 ہزار روپے میں فروخت کی گئی تھی جبکہ نذر اور انضمام الحق انکلوژرز کی ٹکٹوں کی قیمتیں 4 ہزار روپے میں دستیاب تھیں تاہم آئندہ ماہ ہونے والے پاکستان بمقابلہ ورلڈ الیون میچز میں جاوید میانداد، عبدالقادر اور رمیض راجہ انکلوژرز کی ٹکٹوں کی قیمت 4 ہزار روپے ہوگی جبکہ نذر اور انضمام الحق انکلوژر کی ٹکٹوں کی قیمت 2500 روپے مقرر کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ جنرل انکلوژر میں بیٹھ کر میچ دیکھنے کے خواہشمند افراد کو صرف 500 روپے میں ٹکٹ میسر ہو گا۔
ٹکٹوں کی فروخت عید الاضحی کے بعد ستمبر کے پہلے ہفتے میں ہی شروع ہو جائے گی۔ ٹکٹوں کی فروخت کیلئے کرکٹ بورڈ تین موبائل یونٹس بھی قائم کرے گا۔ ایک موبائل یونٹ قذافی سٹیڈیم کے قریب لگایا جائے گا جبکہ دو موبائل یونٹس شہر کے اہم مقامات پر قائم کئے جائیں گے۔
شائقین کرکٹ قذافی سٹیڈیم میں ورلڈ الیون کے خلاف میچز دیکھنے کیلئے آن لائن ٹکٹیں خریدنے کیساتھ ساتھ بینک آف پنجاب کے مختلف برانچوں سے بھی ٹکٹیں خرید سکتے ہیں۔ پاکستان کرکٹ بورڈ سپیشل کرکٹرز اور افراد کو مفت ٹکٹیں جاری کرنے کا بھی فیصلہ کیا ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں