نواز شریف کے سابق وزیر اعظم ہونے پر مختلف سرکاری عمارتوں سے ان کی تصاویر ہٹا دی گئی

اسلام آباد (سٹی نیوز) نواز شریف کے سابق وزیر اعظم ہونے پر مختلف سرکاری عمارتوں سے ان کی تصاویر ہٹا دی گئی ہیں اور اب نئے وزیر اعظم کا انتظار کیا جا رہا ہے ، جبکہ پی ٹی وی نے بھی چار سال میں تقریباً پہلی بار عمران خان کی پوری پریس کانفرنس براہ راست نشر کی۔
تفصیلات کے مطابق نواز شریف کے نا اہل ہونے پر جناح ایئر پورٹ کراچی سے ان کی تصویر ہٹا دی گئی۔ ایئر پورٹ پر بانی پاکستان قائد اعظم محمد علی جنا ح اور صدر ممنون حسین کی تصاویر موجود ہیں جبکہ تیسرے فریم کو نواز شریف کی تصویر نکال کر نئے وزیر اعظم کیلئے خالی چھوڑ دیا گیا ہے۔
دوسری جانب قومی اسمبلی کی ویب سائٹ سے بھی نا اہلی کے بعد نواز شریف کا نام ہٹا دیا گیا ہے۔ قومی اسمبلی کے حلقوں کی ترتیب میں این اے 119 کے بعد ڈائریکٹ 121 کا تذکرہ ہے جبکہ نواز شریف کے حلقے این اے 120 کو ہٹا دیا گیا۔
اسی طرح جمعہ کو سہہ پہر تین بجے کے بعد جب عمران خان نے پریس کانفرنس کی تو سرکاری ٹی وی نے ان کی پوری پریس کانفرنس براہ راست نشر کی۔ یہ گزشتہ 4 سال میں پہلا موقع تھا جب اپوزیشن کے کسی رہنما کو پی ٹی وی پر براہ راست دکھایا گیا ہو، اس سے قبل اپوزیشن کی اسمبلی کی تقاریر بھی خواہ وہ کتنی ہی اہم کیوں نہ ہوں پی ٹی وی پر نشر نہیں کی جاتی تھیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں