آئندہ ماہ وزیر تجارت کی قیادت میں دو اعلیٰ سطحی برطانوی وفود پاکستان کا دورہ کریں گے

اسلام آباد(سٹی نیوز)پاکستان میں تعینات برطانوی ہائی کمشنر تھامس ڈریو نے کہا ہے کہ پاکستان اور برطانیہ کے درمیان دو طرفہ تجارتی تعلقات کو مستقبل قریب میں فروغ دینے کے لئے آئندہ ماہ وزیر تجارت کی قیادت میں دو اعلیٰ سطحی برطانوی وفود پاکستان کا دورہ کریں گے۔
وفاقی وزیر خزانہ اسحاق ڈار سے پاکستان میں تعینات برطانوی ہائی کمشنر تھامس ڈریو نے ملاقات کی۔ دونوں رہنماؤں نے دو طرفہ اموربالخصوص تجارت اور سرمایہ کاری کے شعبوں میں اقتصادی تعاون کی موجودہ صورتحال اور امکانات پر تبادلہ خیال کیا۔ اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے وزیر خزانہ اسحاق ڈار کا کہنا تھا کہ پاکستان اور برطانیہ کے درمیان مختلف شعبوں میں مضبوط اور تاریخی شراکت داری قائم ہے جو آنے والے سالوں میں مزید مضبوط ہو گی۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان برطانوی حکومت کی جانب سے مختلف ترقیاتی اقدامات میں معاونت کو بڑی اہمیت دیتا ہے۔ اس موقع پر برطانوی ہائی کمشنر نے دونوں ممالک کے درمیان دو طرفہ اقتصادی تعلقات کو مضبوط بنانے میں کردار ادا کرنے پر وزیر خزانہ اسحاق ڈار کا شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے بریگزٹ سے متعلق جاری مذاکرات پر پیش رفت سے وزیر خزانہ کو آگاہ کیا۔ برطانوی ہائی کمشنر نے کہا کہ پاکستان اور برطانیہ کے درمیان دو طرفہ تجارتی انتظامات مستقبل میں مزید فروغ پائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ آئندہ ماہ دو اعلیٰ سطحی برطانوی وفود پاکستان کا دورہ کرینگے اور دونوں ممالک کے درمیان تجارت و سرمایہ کاری بڑھانے سے متعلق امور پر بات چیت کرینگے۔ اس موقع پر سیکرٹری خزانہ کے علاوہ وزارت خزانہ اور برطانوی ہائی کمیشن کے سینئر حکام بھی موجود تھے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں