وزیر اعلی پنجاب محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ پاکستان مسلم لیگ (ن) نے گزشتہ 4برس کے دوران عوامی خدمت کی مثال قائم کی ہے اور عوامی فلاح اور ملکی ترقی ہمارا ایجنڈا ہے

لاہور(سٹی نیوز )وزیر اعلی پنجاب محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ پاکستان مسلم لیگ (ن) نے گزشتہ 4برس کے دوران عوامی خدمت کی مثال قائم کی ہے اور عوامی فلاح اور ملکی ترقی ہمارا ایجنڈا ہے۔ محمد نواز شریف عوام کے دلوں میں بستے ہیں اور محمد نواز شریف کی قومی خدمات ناقابل فراموش ہیں جن پر ہمیں فخر ہے۔انہوں نے کہا کہ محمد نواز شریف کی قیادت میں ترقی کے وہ اہداف حاصل کئے ہیں جن کی ملک کی تاریخ میں کوئی مثال نہیں ملتی اور مسلم لیگ(ن) کے دور میں پاکستان کو اقتصادی دیوالیہ پن سے نکال کر ترقی کی شاہراہ پر گامزن کیا گیاہے ،محمد نواز شریف تعمیری سوچ اور ترقیاتی نظریے کا نام ہے ،محمدنواز شریف کا دل پاکستان کے عوام کی محبت سے سرشار ہے اور ان کی قیادت میں جس قدر ترقیاتی کام کئے گئے ہیں ان کا محور عام آدمی کی بھلائی اورخوشحالی ہے اور مسلم لیگ (ن) نے پاکستان کا مستقبل روشن کرنے کیلئے دن رات ایک کیا ہوا ہے۔
انہوں نے کہا کہ سیاست کو کھیل تماشا سمجھ کر شعبدہ بازیوں سے عوام کو دھوکہ دینے والے ناکامی کا منہ دیکھیں گے اورجو سیاسی عناصر ملک میں ابتری چاہتے ہیں ان کے عزائم کبھی کامیاب نہیں ہوں گے۔انہوں نے کہا کہ محمد نواز شریف کا دور پاکستان کا سنہری دور ہے۔ چار برس کے دوران ترقیاتی منصوبوں سے فلاح عامہ کے مشن کو آگے بڑھایا گیا ہے۔محمد نواز شریف کے دور میں دنیا کی تاریخ کے سستے ترین ، شفاف اور تیزرفتار بجلی کے منصوبے لگے ہیں اوران منصوبوں میں ایک پائی کی بھی کرپشن نہیں ہوئی بلکہ منصوبوں میں غریب قوم کے اربوں روپے بچائے گئے ہیں۔ محمد نواز شریف کے دل میں پاکستان کی تڑپ اور عوام کے مسائل کا درد ہے۔ تاریخ محمد نواز شریف کے دور کو پاکستان کے شفاف ترین دور کے طور پر ہمیشہ یاد رکھے گی۔وزیراعلی نے کہاکہ مسلم لیگ (ن) کی حکومت تمام علاقوں کی یکساں ترقی کی پالیسی پر عمل پیرا ہے۔جنوبی پنجاب کے عوام کی ترقی و خوشحالی کے لئے اربوں روپے کے وسائل مہیا کئے گئے ہیں اورترقی کے سفر سے جنوبی پنجاب کے عوام مستفید ہورہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ جنوبی پنجاب کی ترقی اور وہاں کے عوام کی خوشحالی کے پروگرام کی ذاتی نگرانی کررہا ہوں اور جنوبی پنجاب کے عوام کی خوشحالی کیلئے سالانہ ترقیاتی پروگرام میں آبادی کے تناسب سے زیادہ وسائل مختص کئے گئے ہیں۔ مسلم لیگ (ن) کی حکومت جنوبی پنجاب کے عوام کی ترقی اورخوشحالی کیلئے ہر طرح کے وسائل فراہم کرتی رہے گی۔انہوں نے کہاکہ عوام کی بے لوث خدمت ہی مسلم لیگ(ن) کی حکومت کا شعار ہے اورگزشتہ چار برس کے دوران رکاوٹوں کے باوجود فلاح عامہ کے منصوبوں کوشفافیت اوررفتار کے ساتھ مکمل کیاگیا ہے۔ محمد نوازشریف کے دورمیں پاکستان نے بے مثال ترقی کی ہے اور ہمارے مخالفین کو ملک کی تیزرفتار ترقی کھٹکتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہمارا جینا مرنا عوام کیساتھ ہے اور پاکستان کو آگے بڑھنے سے روکنے کی کوئی کوشش کامیاب نہیں ہوگی۔پاکستان کی ترقی میں رکاوٹیں ڈالنے والے ملک وقوم کے خیر خواہ نہیں۔ عوامی خدمت سے عاری سیاستدان صرف ملک وقوم کا وقت ضائع کررہے ہیں۔پاکستان نازک دور سے گزررہاہے۔انہوں نے کہاکہ افراتفری پیدا کرنے کی کوشش کرنے والے سیاسی عناصر کو ہوش کے ناخن لینے چاہیے۔پاکستان کو نفاق نہیں اتفاق کی طاقت سے آگے لے کر جاناہے۔ترقی کے دشمنوں کا ایجنڈا کسی صورت کامیاب نہیں ہونے دیں گے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں